نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہےجہاں مقتولہ کے اہل خانہ نے مقدمے میں نامزد ملزم احسن طاہر خان کو معاف کر دیا ہےجس کے بعد عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
عدالتی کارروائی کے دوران ربیعہ احسن کی والدہ، بھائی اور بہن علوینہ نے پیش ہو کر ملزم کے حق میں بیانِ حلفی جمع کروایا۔ ورثا نے مؤقف اختیار کیا کہ ربیعہ احسن کی موت ایک حادثہ تھی اور احسن طاہر نے انہیں جان بوجھ کر قتل نہیں کیا۔
بیان حلفی میں مقتولہ کی بہن نے کہا کہ انہوں نے اپنے طور پر مکمل تسلی کر لی ہے کہ ملزم احسن نے ان کی بہن کو قتل نہیں کیا، اس لیے وہ ملزم کو فی سبیل اللہ معاف کرتی ہیں۔ اہلِ خانہ نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے پر انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خرم سلیم نے ورثا کے بیانات اور بیان حلفی کی روشنی میں ملزم احسن طاہر خان کی بعد از گرفتاری ضمانت دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی۔
یہ بھی پڑھیں : سوات میں کم عمری کی شادی پر پولیس کی کارروائی:والد اور شوہر قانون کی گرفت میں آ گئے
سماعت کے دوران مدعی مقدمہ کی جانب سے ملک محسن محمود کلیامی اور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ہائی کورٹ بار صباء فراز راجہ عدالت میں پیش ہوئے۔





