وفاقی دارالحکومت کے رہائشی سیکٹر جی سکس فور (G-6/4) میں مبینہ طور پر بھاری مقدار میں اسلحہ جمع کیے جانے کی انٹیلی جنس رپورٹس کے بعد پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت علاقے میں چوکیاں قائم کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس رپورٹس میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ سیکٹر جی سکس فور کی گلی نمبر 83 اور 84 میں جے یو آئی (ف) سے منسلک افراد امان اللہ اور دلاور خان کی رہائش گاہوں پر اسلحہ جمع کیا جا رہا ہے۔ اس اطلاع کے پیشِ نظر رہائشی علاقے میں اسلحے کے ممکنہ استعمال اور نقل و حمل کو روکنے کے لیے ان رہائش گاہوں کے اطراف پولیس چوکیاں قائم کی گئی ہیں، جہاں مولانا فضل الرحمان بھی مقیم ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ان حفاظتی اقدامات کے بعد جے یو آئی (ف) کی قیادت کی جانب سے رکاوٹوں پر تحفظات اور احتجاجی بیانات سامنے آ رہے ہیں۔ اس حوالے سے سرکاری ذرائع کا مؤقف ہے کہ پولیس ناکے امان اللہ اور دلاور خان کے گھروں کے باہر سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر لگائے گئے ہیں، تاہم اس پر احتجاجی بیان بازی کی جا رہی ہے۔
مذکورہ رپورٹس میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ مولانا فضل الرحمان، ان کے اہلِ خانہ اور جے یو آئی (ف) کے دیگر رہنماؤں کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات، غیر قانونی تجاوزات اور سرکاری عہدوں کے مبینہ غلط استعمال سے متعلق قانونی نوٹسز بھی موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس میں نیا موڑ: ورثا نے نامزد ملزم کو معاف کر دیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی معاملات کا سامنا عدالتوں اور متعلقہ اداروں میں ثبوت اور وضاحت پیش کر کے کیا جانا چاہیے، جبکہ امنِ عامہ میں خلل ڈالنے یا کسی بھی قسم کے پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ریاست کی جانب سے بدعنوانی و قانون شکنی پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی برقرار رکھی جائے گی۔





