پاکستان بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا نیا چیمپئن بن گیا

پاکستان نے شاندار کارکردگی کی بنیاد پر بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔

 روایتی حریف بھارت کے خلاف شیڈول فائنل مقابلہ مسلسل بارش کے باعث منسوخ ہونے پر میچ ریفری نے ٹورنامنٹ قوانین کے تحت گرین شرٹس کو چیمپئن قرار دے دیا۔

ٹورنامنٹ حکام کے مطابق ایونٹ کے قواعد و ضوابط 7 نومبر کو ہی تمام شریک ٹیموں کو فراہم کر دیے گئے تھےجن کی رو سے فائنل نہ ہونے کی صورت میں بہتر ریکارڈ رکھنے والی ٹیم کو فاتح قرار دیا جانا تھا۔ 

پاکستان پورے ٹورنامنٹ میں پوائنٹس ٹیبل، نیٹ رن ریٹ اور ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں بھارت سے واضح برتری رکھتا تھا جس کی بنیاد پر چیمپئن شپ پاکستان کے حصے میں آئی۔

گرین شرٹس نے ایونٹ کے لیگ مرحلے میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے سری لنکا، بنگلا دیش اور بھارت کو دھول چٹائی تھی اور تینوں میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

دوسری جانب پاکستان کے چیمپئن قرار پانے کے بعد بھارتی ٹیم اسپورٹس مین اسپرٹ برقرار نہ رکھ سکی اور اختتامی تقریب کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اسٹیڈیم سے روانہ ہو گئی۔

تقسیم انعامات کی تقریب میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر عبداللہ الفواد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

یہ بھی پڑھیں : سونا مزید سستا ہوگیا، ایک ہی دن میں فی تولہ 17 ہزار روپے کی کمی

 اس پر موقع پر رنگپور رائیڈرز کے ڈائریکٹر شہزاد اکبر سبحان اور بنگلا دیش میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر بھی تقریب میں موجود تھے اور فاتح ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔

Scroll to Top