پشاور: خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں محکمہ صحت کے ایک ہزار 623 اہلکاروں کی ڈیوٹی سے غیر مجاز غیر حاضری کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے غیر حاضر اہلکاروں کی فہرست جاری کر دی ہے اور متعلقہ حکام سے تین روز میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اس انکشاف کے بعد خیبرپختونخوا عوام کی جانب سے سابق پی ٹی آئی دورِ حکومت کی پالیسیوں اور ترجیحات پر شدید تنقید سامنے آ رہی ہے۔
مقامی شہریوںکا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے دورِ اقتدار میں صوبے کے بنیادی ڈھانچے اور بالخصوص صحت کے شعبے کا جنازہ نکال دیا گیا تھا۔
عوام کی رائے میں سابق حکمرانوں کی تمام تر توجہ صرف احتجاجی سیاست، انتشار پھیلانے اور اپنے سیاسی مفادات کے حصول پر مرکوز رہی، جبکہ دہشت گردوں کے حوالے سے نرم گوشہ رکھنے اور سیکیورٹی و گورننس کے معاملات سے چشم پوشی اختیار کرنے کے باعث صوبے اور عوام کو لاوارث چھوڑ دیا گیا۔
پختونخوا عوام کے مطابق محکمہ صحت میں چیک اینڈ بیلنس کے فقدان اور مبینہ انتظامی غفلت کا نتیجہ آج اسپتالوں میں عملے کی بڑے پیمانے پر غیر حاضری کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔
ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ فہرست کے مطابق لکی مروت 558 غیر حاضر اہلکاروں کے ساتھ صوبے بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔
فہرست کے اعداد و شمار کے مطابق ضلع مہمند میں محکمہ صحت کے 210، بنوں میں 208، ڈیرہ اسماعیل خان میں 120، شمالی وزیرستان میں 101، خیبر میں 95، جنوبی وزیرستان اپر میں 89، ٹانک میں 77 جبکہ کرم لوئر اور سینٹرل میں 68 اہلکار ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔ اسی طرح اورکزئی میں 43، کرم اپر میں 32، جنوبی وزیرستان لوئر میں 18 اور باجوڑ میں 4 اہلکار غیر حاضر رہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کی ایک اور کامیابی: سوات پبلک لائبریری میں ڈیجیٹل لائبریری مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح، مشیر تعلیم نے اپنا فارم پُر کر کے پہلی رکنیت حاصل کی!
صحت جیسے حساس اور بنیادی شعبے میں اتنی بڑی تعداد میں ملازمین کی غیر حاضری پر حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تمام متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (ڈی ایچ اوز) کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
مراسلے میں واضح ہدایت کی گئی ہے کہ فہرست میں شامل تمام ایک ہزار 623 اہلکاروں سے تین روز کے اندر تحریری وضاحت حاصل کی جائے اور ان کی غیر حاضری کی وجوہات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے۔
مزید برآں بار بار ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے عادی اہلکاروں کے خلاف مروجہ قواعد و ضوابط کے تحت سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
مراسلے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ہر کیس میں کی جانے والی کارروائی اور اس حوالے سے تفصیلی تعمیلی رپورٹ مقررہ مدت کے اندر ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کو ارسال کی جائے تاکہ مزید ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔
سرکاری اسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں اتنی بڑی تعداد میں عملے کی عدم موجودگی نے طبی سہولیات کی فراہمی اور عملے کی دستیابی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ اب متعلقہ ڈی ایچ اوز کی جانب سے وضاحتیں جمع ہونے اور تعمیلی رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی اس معاملے میں حتمی محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





