سینئر صحافی اور آزادی صحافت کے علمبردار حسین نقی 90 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
حسین نقی کے انتقال کی خبر پر صحافتی حلقوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں میں سوگ کی فضا ہے۔ وہ لاہور پریس کلب کے رکن جبکہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے سابق خزانچی اور موجودہ کونسل ممبر تھے۔
حسین نقی کو پاکستان کی صحافتی تاریخ میں ایک توانا آواز اور نئی نسل کے صحافیوں کے لیے استاد اور مشعل راہ کی حیثیت حاصل تھی۔
انہوں نے اپنی زندگی جمہوری جدوجہد، انسانی حقوق اور آزادی صحافت کے لیے وقف کیے رکھی۔1936ء میں لکھنؤ میں پیدا ہونے والے حسین نقی قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ لاہور منتقل ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں : سابق صوبائی وزیر اور سینئر سیاستدان نوابزادہ محسن علی خان انتقال کرگئے
انہوں نے ایف سی کالج اور پنجاب یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔ زمانہ طالب علمی ہی سے ترقی پسند طلبہ سیاست میں سرگرم رہے اور نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن سے وابستہ ہوگئے۔
حسین نقی نے سابق صدر ایوب خان کے مارشل لا کے خلاف مزاحمت کے دوران قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں، تاہم جمہوریت، انسانی حقوق اور آزادی صحافت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔
مرحوم کی نماز جنازہ آج اتوار دوپہر ساڑھے 12 بجے جامعہ المنتظر، ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کی جائے گی۔





