نئے صوبوں اور انتظامی اکائیوں کے قیام سے متعلق بحث میں پیپلزپارٹی کے رہنما میاں رضا ربانی کے مؤقف پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عوامی مطالبے کو غیر ضروری آئینی پیچیدگیوں میں الجھانے کے بجائے بہتر حکمرانی اور انتظامی سہولت کے بنیادی مسئلے پر توجہ دینی چاہیے۔
مؤقف کے مطابق موجودہ صوبوں کی جغرافیائی حدود تبدیل کرنا اور صوبوں کے اندر انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے نئے انتظامی یونٹس قائم کرنا دو الگ معاملات ہیں۔ انتظامی اصلاحات کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر سرکاری سہولتیں فراہم کرنا، انتظامی فاصلے کم کرنا اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔
اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 239(4) کا اطلاق ہر قسم کی انتظامی اصلاحات پر نہیں ہوتا بلکہ یہ شق کسی صوبے کی موجودہ جغرافیائی حدود میں تبدیلی سے متعلق آئینی ترمیم کے حوالے سے ہے۔ اس لیے اس آئینی شق کو بنیاد بنا کر صوبوں کے اندر انتظامی تنظیمِ نو کے مطالبے کو غیر آئینی قرار دینا درست نہیں۔
مؤقف میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 48(6) قومی اہمیت کے معاملات پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی منظوری سے ریفرنڈم کرانے کی گنجائش فراہم کرتا ہے۔ ریفرنڈم کے ذریعے عوامی رائے معلوم کرنا ایک جمہوری عمل ہے، جسے پارلیمان کی خودمختاری کے خلاف قرار دینا آئینی تصور کی درست تشریح نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر راج کے بعد خیبر پختونخوا میں اقدامات تیز، ٹانک میں صفائی، صحت و تعلیم اور ضلع خیبر کے مستک میں ہیلتھ سینٹر فعال
بیان کے مطابق ریفرنڈم کے ذریعے عوامی رائے حاصل کرنا ایک الگ مرحلہ ہے، جبکہ اس رائے کو عملی شکل دینے کے لیے ضروری قانونی اور آئینی اقدامات دوسرا مرحلہ ہیں۔ ان دونوں معاملات کو ایک دوسرے کے ساتھ خلط ملط کرکے عوامی رائے کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
مؤقف میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ کیا پاکستان کے بڑے صوبوں میں انتظامی فاصلے کم کرنے، وسائل کی منصفانہ تقسیم، پسماندہ علاقوں کی ترقی اور عوام کو بہتر سرکاری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے انتظامی اصلاحات کی ضرورت نہیں؟ اگر عوام بہتر حکمرانی اور انتظامی سہولت کے لیے نئے انتظامی یونٹس چاہتے ہیں تو ان کی رائے معلوم کرنے میں آخر اعتراض کیا ہے؟
میاں رضا ربانی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غیر متعلقہ آئینی حوالوں کے ذریعے عوامی مطالبے کو متنازع بنانے کے بجائے اس بنیادی سوال کا جواب دیں کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام اور عوامی رائے معلوم کرنے کی مخالفت کیوں کی جا رہی ہے۔
مؤقف کے اختتام پر کہا گیا ہے کہ آئین عوام کی سہولت اور فلاح کے لیے ہے، انہیں موجودہ انتظامی ڈھانچے کا اسیر بنانے کے لیے نہیں۔ جمہوریت کا تقاضا ہے کہ عوامی رائے کو دبانے کے بجائے سنا جائے اور آئینی تقاضوں کے مطابق اس کا احترام کیا جائے۔





