جب تک اقتدار کے ایوانوں میں من پسند وزارتیں، سرکاری گاڑیاں اور مراعات کی بارش ہوتی رہی، تب تک ریاست بھی ٹھیک تھی، آئین بھی مکمل تھا اور ادارے بھی قابلِ قبول تھے۔
مگر جیسے ہی مفادات کی گٹھڑی پر ضرب پڑی اور اقتدار کی کرسی ہاتھ سے پھسلنے لگی فضل الرحمان نے اپنی روایتی دوغلی سیاست کا پردہ چاک کرتے ہوئے ریاست اور ان شہداء کی بے حرمتی پر اتر آئے جنہوں نے اس ملک کے امن اور بقا کے لیے اپنا لہو بہایا۔
یہ رویہ محض سیاسی مایوسی نہیں بلکہ قومی غیرت اور شہداء کی عظیم قربانیوں پر ایک کھلا وار ہے۔
پاکستان کی سیاست میں مفاد پرستی کی جو بدترین مثال فضل الرحمان نے قائم کی ہے اس کی نظیر ملنا مشکل ہے۔
دہائیوں تک ہر حکومت کا حصہ بن کر اقتدار کے ثمرات سمیٹنے والے اس شخص نے ہمیشہ اصولوں کے بجائے سودے بازی کو ترجیح دی۔
کمیٹیوں کی چیئرمین شپ ہو، مشاورتی عہدے ہوں یا سرکاری مراعات جب تک یہ سب کچھ ہاتھ میں رہا، زبان پر مصلحت کا تالا پڑا رہالیکن جیسے ہی سیاسی منظرنامے میں ان کا وزن کم ہوا یا ذاتی مطالبات پورے نہ ہوئے انہوں نے شہداء کی قربانیوں اور ریاستی وقار کو نشانہ بنانا شروع کر دیا۔
جس مٹی کا نمک کھایا جس آئین اور قانون کے سائے میں پروان چڑھے اور جن بہادر جوانوں نے سرحدوں اور اندرونی محاذوں پر اپنی جانیں نچھاور کر کے یہ ماحول بنایا کہ لوگ سکون کی سانس لے سکیں آج انہی شہداء کی عظمت پر طنز کرنا انتہائی شرمناک اور نا قابلِ معافی عمل ہے۔
شہداء کا لہو کسی سیاسی سودے بازی یا ذاتی انتقام کی بھینٹ چڑھانے کے لیے نہیں بہتا۔ جب کوئی سیاستدان اپنے ذاتی غصے اور ناکامیوں کو چھپانے کے لیے شہداء کے تقدس کو پامال کرتا ہےتو وہ دراصل ان خاندانوں کے زخموں پر نمک چھڑکتا ہے جنہوں نے اپنے پیارے کھوئے ہیں۔
عوام اب اس دوغلے کردار کو اچھی طرح سمجھ چکی ہے۔ اقتدار ملے تو فرشتہ بن جانا اور اقتدار نہ ملے تو ریاست و اداروں کے خلاف زہر اگلنا یہی اس سیاست کا اصل کچا چٹھا ہے۔
ریاست پاکستان اور پاک فوج نے ہر مشکل گھڑی میں ملک کے دفاع، امن اور سالمیت کے لیے جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ کے سنہری باب میں درج ہیں، اور کوئی بھی مفاد پرست بیان بازی ان قربانیوں کی عظمت کو کم نہیں کر سکتی۔
یہ بھی پڑھیں : تکنیکی خرابی یا سائبر اٹیک ؟امریکہ میں سینکڑوں پروازیں روک دی گئیں!
شہریوں کا کہنا ہے کہ شہداء کی قربانیوں پر بات کرتے ہوئے زبان سنبھالنی چاہیے اور جن لوگوں نے ہمیشہ اقتدار اور مراعات کے لیے سیاست کی انہیں ریاست اور شہداء کے خلاف بولنے کا کوئی حق نہیں۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ فضل الرحمان فوری طور پر اپنے بیانات واپس لیں اور قوم و شہداء کے خاندانوں سے معافی مانگیں جبکہ ریاست پاکستان اور پاک فوج کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔





