این سی سی آئی اے نے بچوں کی آن لائن حفاظت کے لیے کڈز کارنر متعارف کرا دیا!

ڈیجیٹل دور میں بچوں کو انٹرنیٹ پر درپیش بڑھتے ہوئے خطرات سے محفوظ رکھنے اور انہیں ذمہ دار صارف بنانے کے لیے ریاست پاکستان کے کلیدی ادارے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے ایک شاندار اور بروقت اقدام اٹھاتے ہوئے ’کڈز کارنر‘ (Kids Corner) کے نام سے ایک خصوصی آن لائن پلیٹ فارم متعارف کرا دیا ہے۔ 

اس جدید اور مؤثر اقدام کا مقصد کم عمر بچوں کو کھیل کھیل میں سائبر سیکیورٹی کے بنیادی اصول سکھانا، ان کی ذاتی معلومات کا تحفظ یقینی بنانا اور والدین و اساتذہ کو ایسے تعلیمی وسائل فراہم کرنا ہے جن کے ذریعے نئی نسل کو سائبر دنیا کے خطرات سے بچایا جا سکے۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری بیان کے مطابق ’کڈز کارنر‘ کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ بچے دلچسپ سرگرمیوں، تعلیمی چیلنجز اور آسان فہم رہنما اصولوں کے ذریعے آن لائن خطرات کو پہچان سکیں اور انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال کی عادت اپنا سکیں۔

ایجنسی کی سرکاری ویب سائٹ (nccia.gov.pk/kids.html) پر دستیاب اس پورٹل کو تین بنیادی حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں ’سیفٹی مشنز‘ (Safety Missions)، ’لرن آن لائن سیفٹی‘ (Learn Online Safety) اور ’فن چیلنجز‘ (Fun Challenges) شامل ہیں تاکہ کم عمر صارفین کے لیے ڈیجیٹل حفاظت کی تعلیم کو پرکشش اور آسان بنایا جا سکے۔

اس پلیٹ فارم پر بچوں کو کئی بنیادی اور اہم حفاظتی تدابیر سکھائی گئی ہیں جن میں اپنے پاس ورڈز کو خفیہ رکھنا ،کسی بھی غیر مانوس یا مشکوک لنک پر کلک کرنے سے پہلے سوچنا، انٹرنیٹ پر اجنبی افراد سے گفتگو یا رابطے سے گریز کرنا اور کسی بھی مشکوک یا غیر آرام دہ صورتحال کا سامنا ہونے پر فوری طور پر والدین یا کسی قابلِ اعتماد بڑے سے مدد طلب کرنا شامل ہے۔

کڈز کارنر میں نہ صرف بچوں بلکہ والدین کے لیے خصوصی رہنمائی اور اساتذہ کے لیے تعلیمی وسائل بھی شامل کیے گئے ہیں تاکہ خاندان اور تعلیمی ادارے مل کر بچوں کو ممکنہ سائبر خطرات سے محفوظ رکھنے میں فعال کردار ادا کر سکیں۔

یہ اقدام سائبر اسپیس میں بچوں کے تحفظ کو مضبوط بنانے اور سائبر کرائم سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے کی ایجنسی کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے، جس کے تحت ملک بھر کے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں آگاہی سیشنز بھی منعقد کیے جاتے رہے ہیں۔

مزید برآں ایجنسی نے بچوں کو نشانہ بنانے والے آن لائن جرائم کی نشاندہی اور ان کا سراغ لگانے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال کے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے۔

حال ہی میں شہریوں کی سہولت کے لیے ایک موبائل ایپلیکیشن بھی متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعے آن لائن فراڈ، مالیاتی دھوکہ دہی اور ہیکنگ کے واقعات رپورٹ کیے جا سکتے ہیں جبکہ سائبر خطرات کا سامنا کرنے والے بچے، والدین اور عام شہری فوری مدد اور شکایت کے اندراج کے لیے ایجنسی کی ہیلپ لائن 1799 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : انڈے کے ساتھ چائے پینے والے ہوشیار ہو جائیں، غذائی ماہرین کا چونکا دینے والا انکشاف !

والدین، اساتذہ اور سماجی حلقوں نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے اس اقدام کو بے حد سراہتے ہوئے اسے وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں کی جانب سے بچوں کے محفوظ مستقبل اور ڈیجیٹل تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے ایسے عملی اقدامات قابلِ تحسین ہیں جن سے والدین کو اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں کی بہتر رہنمائی کرنے میں بڑی مدد ملے گی اور سائبر جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے گی۔

Scroll to Top