بنوں آپریشن میں زر گل عرف انکل گروپ کے 3 دہشت گرد ہلاک، کمانڈر کا بھتیجا اور مطلوب ملزمان بھی شامل، 6 افراد گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد

بنوں: سی ٹی ڈی بنوں، ضلع پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کے دوران دہشت گرد کمانڈر زر گل عرف انکل گروپ کے تین اہم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق آج صبح سویرے تھانہ کینٹ اور تھانہ منڈان کی حدود میں گریرہ شاہ جہاں کے علاقے میں مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا، جو صبح دس بجے کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔

آپریشن کی مجموعی کمان آر پی او بنوں نے سنبھالی جبکہ ڈی پی او بنوں نے معاونت اور ایس پی سی ٹی ڈی بنوں نے نگرانی کے فرائض انجام دیے، اور اس کارروائی میں ضلع بنوں پولیس، سی ٹی ڈی بنوں اور سیکیورٹی فورسز کی 116 بریگیڈ نے حصہ لیا۔

کارروائی کے دوران زر گل عرف انکل کی رہائش گاہ کے قریب ایک انٹری پارٹی پر فائرنگ کی گئی، جس کے بعد تقریباً پندرہ منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا اور جھڑپ کے اختتام پر جائے وقوع سے تین دہشت گردوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔

فائرنگ کے تبادلے میں مارے جانے والے تینوں دہشت گردوں کا تعلق زر گل عرف انکل گروپ سے بتایا گیا ہے، جن میں ادریس ولد خان گل ساکن گریرہ شاہ امام شاہ شامل ہے جو کمانڈر زر گل عرف انکل کا بھتیجا اور مقامی کمانڈر خالد کا بھائی تھا۔

یہ بھی پڑھیں : تورغر میں ٹریفک حادثہ، بریک فیل ہونے سے گاڑی الٹ گئی، 8 افراد جاں بحق، 7 زخمی

 ہلاک ہونے والے دیگر دہشت گردوں میں سہیل عباس عرف عباس ولد عرفان اللہ ساکن عیدک فیروز خیل، میر علی، شمالی وزیرستان اور مدثر ولد برادر ساکن عیدک، میر علی، شمالی وزیرستان شامل ہیں، جو دونوں سی ٹی ڈی بنوں میں درج تین، تین مقدمات میں مطلوب تھے۔

کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد وہاب خان ولد افسر زمان ساکن گریرہ بابر، ضلع بنوں کو بھی گرفتار کیا گیا جو زر گل عرف انکل گروپ سے وابستہ اور سی ٹی ڈی بنوں کو مطلوب تھا، جبکہ مزید پانچ مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن کی شناخت کی تصدیق کا عمل جاری ہے اور سی ٹی ڈی بنوں کی جانب سے ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

جائے وقوع سے تین ایس ایم جی رائفلیں مع میگزین، دو ہینڈ گرینیڈ، تین جیکٹس، فوج کی ایک وردی اور دیگر متفرق سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔

Scroll to Top