زندگی کی دوڑ میں پاکستانی عوام کے لیے سب سے اہم چیز کیا ہے؟ اس حوالے سے گیلپ پاکستان کی جانب سے کیے گئے ایک حالیہ سروے میں دلچسپ حقائق سامنے آئے ہیں جس کے مطابق عوام کی اکثریت نے ذہنی سکون اور صحت کے بجائے دولت کے حصول کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔
گیلپ پاکستان کے اس جائزے میں جب شہریوں سے زندگی کی سب سے بڑی ضرورت دریافت کی گئی تو 42 فیصد افراد نے واضح طور پر کہا کہ انہیں سب سے زیادہ پیسے کی ضرورت ہے۔ اس فہرست میں ذہنی اطمینان 23 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ اچھی صحت 15 فیصد شرح کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
سروے کے نتائج سے معلوم ہوا کہ عوام کی ایک چھوٹی تعداد دیگر پہلوؤں کو بھی اہمیت دیتی ہے جن میں 6 فیصد افراد نے زیادہ آرام اور اتنی ہی شرح یعنی 6 فیصد نے اپنے خاندان کو وقت دینے کو بنیادی ضرورت قرار دیا۔ اسی طرح 4 فیصد لوگوں کا ماننا ہے کہ انہیں زندگی میں مزید فرصت درکار ہے، جبکہ محض 2 فیصد شہریوں نے تفریح کو اپنی سب سے بڑی خواہش بتایا۔
علاقائی بنیادوں پر کیے گئے تجزیے میں شہروں اور دیہات کے رہائشیوں کی ترجیحات مختلف نظر آئیں۔ شہری علاقوں میں بسنے والے 29 فیصد افراد نے ذہنی سکون کو زندگی کی اہم ترین ضرورت قرار دیا، جبکہ دیہی علاقوں میں یہ شرح 20 فیصد رہی۔ اس کے برعکس اچھی صحت کی خواہش دیہات میں زیادہ دیکھی گئی، جہاں 17 فیصد افراد نے اسے ترجیح دی، جبکہ شہروں میں صحت کو اولیت دینے والوں کی شرح 12 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
صنفی بنیادوں پر سامنے آنے والے اعداد و شمار بھی خاصے حیران کن ہیں، جن کے مطابق مالی استحکام یا زیادہ پیسے کی خواہش میں خواتین نے مردوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سروے میں شریک 50 فیصد خواتین نے زیادہ پیسے کو اپنی پہلی ترجیح قرار دیا، جبکہ مردوں میں یہ شرح 34 فیصد رہی۔ دوسری جانب ذہنی سکون کے معاملے میں مرد قدرے آگے رہے، جہاں 25 فیصد مردوں اور 22 فیصد خواتین نے اسے اپنی اہم ضرورت تسلیم کیا۔
یہ بھی پڑھیں : سونا مزید سستا یا مہنگا؟ فی تولہ نئی قیمت سامنے آگئی
گیلپ پاکستان کے مطابق یہ ٹیلی فونک سروے 15 سے 22 اکتوبر 2026 کے دوران منعقد کیا گیا، جس میں ملک کے چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے 859 مرد و خواتین کی آراء کو شامل کیا گیا۔





