وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی خلائی مشن پر روانگی کے تاریخی اور یادگار موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری قوم آج ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرنے جا رہی ہے اور پاکستان کا ستاروں سے آگے کا سفر باضابطہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان امید، فخر اور گہرے احساسِ تشکر کے ساتھ آسمان کی جانب دیکھے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ عظیم کامیابی محض ایک خلاباز کا انفرادی سفر نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کے عزم اور حوصلے کی داستان ہے۔
انہوں نے اس مشن کو ملک کی نوجوان نسل، باصلاحیت سائنسدانوں اور قوم کے روشن خوابوں کی تعبیر کا سفر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خلائی تحقیق اور جدید سائنسی میدان میں نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے۔
پاک چین شراکت داری پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان چین کے بعد تیانگونگ خلائی اسٹیشن جانے والا دنیا کا پہلا ملک بنے گا جو پاکستان اور چین کی آہنی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ستاروں پر کمند ڈالنے کا تاریخی اور سنسنی خیز مشن ـ:محمد ذیشان علی ساتھیوں سمیت خلائی جہاز ’شینژو 24‘ کے کیپسول میں سوار !
انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کی دور اندیش قیادت نے پاک چین دوستی کو تاریخی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے اور یہ تاریخی سنگِ میل دونوں ممالک کے درمیان غیر معمولی اعتماد اور لازوال برادرانہ تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے برادر ملک چین کی قیادت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم چین کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں اس تاریخی خلائی مشن کا حصہ بنایا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں برادر ممالک زمین پر قیامِ امن کے ساتھ ساتھ اب خلا کے سفر میں بھی ایک دوسرے کے ہم قدم ہیں۔
اس تاریخی موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی خلائی ادارے سپارکو (SUPARCO)، مشن کے لیے سائنسی تجربات کا حصہ بننے والے سائنسدانوں اور جامعات کے ساتھ ساتھ مسلح افواج اور قومی اداروں کی کاوشوں کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
آخر میں وزیراعظم نے محفوظ اور کامیاب خلائی مشن کے لیے پاکستانی خلاباز ذیشان علی اور مشن کے تمام ارکان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔





