تاریخی لمحہ آ پہنچا: پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کے اعزاز میں الوداعی تقریب جاری،جذباتی و پُروقار مناظر!

پاکستان کی سائنسی، عسکری اور خلائی تاریخ کا وہ یادگار اور سنسنی خیز مرحلہ شروع ہو چکا ہے جس کا پوری قوم کو بے صبری سے انتظار تھا۔ شمال مغربی چین کے ’جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر‘ پر مشن ’شینژو 24‘ کے تحت خلا کی وسعتوں میں اڑان بھرنے والے پہلے پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی اور ان کے چینی ساتھیوں کے اعزاز میں باضابطہ الوداعی تقریب کا آغاز ہو گیا ہے۔

 پاکستانی وقت کے مطابق رات  2 بجے شروع ہونے والی اس پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جہاں سبز ہلالی پرچم اور چین کے سرخ پرچم کی بہار نے ماحول کو گرما دیا ہے۔

 25 کروڑ پاکستانیوں کی دعاؤں، امیدوں اور فخر کے سائے میں سرگودھا کے اس سپوت کو تاریخی خلائی سفر کے لیے رخصت کیا جا رہا ہے۔

چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر پر اس وقت انتہائی پُروقار، جذباتی اور تاریخ ساز مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں جہاں پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی خلائی مشن ’شینژو 24 پر روانگی سے قبل الوداعی تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔

تقریب میں شریک پاکستانی و چینی حکام، خلائی سائنس دانوں اور شائقین کی جانب سے تینوں خلا بازوں مشن کمانڈر تانگ ہونگ بو، فلائٹ انجینئر وو یی اور پاکستانی پے لوڈ اسپیشلسٹ محمد ذیشان علی کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں تاریخی مشن کے لیے نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا جا رہا ہے۔

 تقریب میں پاکستانی قیادت اور اعلیٰ حکام کی شرکت
اس تاریخی اور یادگار الوداعی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے خصوصی طور پر چین پہنچنے والے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور چیئرمین سپارکو یوسف خان سمیت اعلیٰ حکام موجود ہیں۔

تقریب کے شرکا نے خلا بازوں کے عزم اور حوصلے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ فضائیں پاک چین دوستی زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھیں۔

25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں اور علامہ اقبال کا پیغام
الوداعی تقریب کے موقع پر خلائی لباس میں ملبوس ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی انتہائی پُراعتماد اور پُرجوش دکھائی دیے۔

روانگی کے اس اہم مرحلے پر ان کے وہ الفاظ پوری قوم کے دلوں کی دھڑکن بن چکے ہیں جن میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اکیلے نہیں بلکہ25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیںاور ملک کا پرچم ساتھ لے کر خلا میں جا رہے ہیں اور علامہ اقبال کے شعر ’’تو شاہین ہے پرواز ہے کام تیرا، ترے سامنے آسماں اور بھی ہیں‘‘ کے مصداق پاکستان اب نئی بلندیوں کو چھونے جا رہا ہے۔

 اب سے کچھ دیر بعد خلا کی جانب پرواز
الوداعی تقریب کے اختتام کے فوراً بعد خلا باز لانچنگ پیڈ کی جانب روانہ ہوں گے جہاں وہ خلائی جہاز ’شینژو 24‘ میں اپنی نشستیں سنبھالیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی خلائی تاریخ کا نیا سنہری باب، ملک کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی کے خلائی اسٹیشن روانگی میں چند گھنٹے باقی !

شیڈول کے مطابق مشن کی لانچنگ کا حتمی مرحلہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے شروع ہوگا اور بیجنگ کے معیاری وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ (پاکستانی وقت 5 بج کر 18 منٹ) پر لانگ مارچ 2 ایف راکٹ آگ اور دھوئیں کے بادل چھوڑتا ہوا محمد ذیشان علی کو لے کر خلا کی جانب روانہ ہو جائے گا۔

اس پرواز کے 4 سے 5 گھنٹے بعد وہ چین کے ’تیانگونگ‘ خلائی اسٹیشن میں داخل ہو کر وہاں قدم رکھنے والے دنیا کے پہلے غیر ملکی خلا باز بن جائیں گے۔

Scroll to Top