پاکستان کی سائنسی، عسکری اور خلائی تاریخ کا سب سے سنہری، تاریخ سازاورناقابلِ فراموش باب رقم ہو گیا ہے۔ پاک چین لازوال دوستی خلا کی وسعتوں کو چھونے لگی ہے اور زمین سے ستاروں تک کے عظیم سفر کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔
شمال مغربی چین کے’جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر‘ سے لانگ مارچ 2 ایف راکٹ آگ اور روشنی کے عظیم بادل چھوڑتا ہوا پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی اور ان کے دو چینی ساتھیوں کو لے کر خلائی مشن ’شینژو 24‘ پر روانہ ہو گیا ہے۔
جس مثالی دوستی کو دنیا ’’ہمالیہ سے اونچا، سمندروں سے گہرا، شہد سے میٹھا اور فولاد سے مضبوط‘‘ قرار دیتی ہے، آج اس نے آہنی بھائی چارے کی نئی پرواز کے ساتھ کہکشاؤں کی تسخیر کا آغاز کر دیا ہے۔
اس تاریخ ساز اڑان کے ساتھ ہی محمد ذیشان علی خلا میں سفر کرنے والے پہلے پاکستانی شہری بن گئے ہیں جبکہ چند ہی گھنٹوں بعد وہ چین کے ’تیانگونگ‘ خلائی اسٹیشن پر قدم رکھنے والے دنیا کے پہلے غیر ملکی خلا باز بن کر تاریخ میں ہمیشہ کے لیے امر ہو جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : اقبال کے شاہین کی کہکشاؤں کی جانب تاریخی اڑان، 25 کروڑ عوام کی امیدیں اور وطنِ عزیز کا نام کندھوں پر لے کر خلائی مشن پر روانہ ہو رہا ہوں، خلا باز ذیشان علی
25 کروڑ پاکستانیوں کی دعائیں اور سبز ہلالی پرچم تھامے سرگودھا کے اس سپوت کی روانگی پر ملک بھر میں جشن کا سماں ہے۔
چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر پر سانسیں روک دینے والے کاؤنٹ ڈاؤن کے اختتام پر پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجکر 18 منٹ پر لانچنگ کے حتمی خودکارمراحل مکمل ہونے کے بعد (بیجنگ کے معیاری وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ پر) مشن ’شینژو 24‘زمین کی کششِ ثقل کو چیرتا ہوا خلا کی وسعتوں میں بلند ہو گیا۔
راکٹ کے انجن روشن ہوتے ہی لانچنگ سینٹر اور پاکستان بھر میں خوشی اور فخر کی لہر دوڑ گئی اور فضا ’’پاک چین دوستی زندہ باد‘‘ اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔
لانچنگ پیڈ سے آسمان کی بلندیوں تک: سنسنی خیز مناظر
مشن کی روانگی سے قبل جیوچوان خلائی مرکز میں منعقدہ شاندار الوداعی تقریب میں بھرپور جشن کا سماں دیکھا گیا جہاں سبز ہلالی اور چینی پرچموں کی بہار اور تالیوں کی زبردست گونج میں تینوں خلا بازوں مشن کمانڈر تانگ ہونگ بو، فلائٹ انجینئر وو یی اور پاکستانی پے لوڈ اسپیشلسٹ محمد ذیشان علی کو مکمل سیکیورٹی اور اعلیٰ سرکاری پروٹوکول کے ساتھ لانچنگ پیڈ کی جانب روانہ کیا گیا تھا۔
تقریب میں موجود وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، چیئرمین سپارکو یوسف خان ا ور چینی خلائی حکام نے خلا بازوں کو نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔
لانچنگ ٹاور کی لفٹ کے ذریعے خلائی جہاز’شینژو 24‘ میں سوار ہونے سے قبل محمد ذیشان علی نے پُراعتماد مسکراہٹ کے ساتھ ہاتھ ہلا کر پوری قوم کے جذبوں کا جواب دیا۔
ان کے چہرے پر وہی عزم جھلک رہا تھا جس کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال کے شعر ’’تو شاہین ہے پرواز ہے کام تیرا، ترے سامنے آسماں اور بھی ہیں‘‘کے ذریعے کیا تھا۔
فولادی دوستی کا نیا افق: ’’ایک خواب، ایک منزل‘‘
پاکستان اور چین کی دوستی محض دو ملکوں کا سفارتی رشتہ نہیں بلکہ دلوں کا وہ اٹوٹ بندھن ہے جو پہاڑوں اور زبانوں کی حدوں سے ماورا ہو کر اب ستاروں کی دنیا میں قدم رکھ چکا ہے۔
پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر سی پیک سے اسپیس تک کا یہ مثالی اشتراک اس حقیقت کا زندہ ثبوت ہے کہ جب دو مخلص اور آہنی برادر ملک ایک ہی عزم کے ساتھ آگے بڑھیں تو آسمان بھی ان کی پرواز کے سامنے چھوٹا پڑ جاتا ہے۔
چین کا اپنے جدید ترین خلائی اسٹیشن کے دروازے سب سے پہلے اپنے دیرینہ دوست پاکستان کے لیے کھولنا اس نسل در نسل منتقل ہونے والے غیر متزلزل اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کی مثال عالمی تاریخ میں نہیں ملتی۔
روانگی سے قبل میڈیا بریفنگ میں محمد ذیشان علی نے کہا تھا کہ وہ 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں ساتھ لے کر جا رہے ہیں، پاک چین دوستی سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے اونچی ہے اور یہ پرواز مستقبل میں پاک چین مشترکہ خلائی مشنز کے ایک طویل سلسلے کا نقطہ آغاز ہے۔
ادھر اسلام آباد میں قائم چینی سفارت خانے نے بھی اس تاریخی موقع پر خصوصی پیغام اور نغمہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ایک نغمہ، ایک خواب‘‘ کے تحت زبانوں اور پہاڑوں کی سرحدیں بھی پاک چین دوستی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکیں اور دونوں ملکوں کے خلا باز ایک ہی خواب اور ایک ہی منزل کے ساتھی بن کر علم و تحقیق کا نیا سورج طلوع کر رہے ہیں۔
تیانگونگ خلائی اسٹیشن میں داخلہ اور سائنسی مشن
لانچ کنٹرول سینٹر کے حکام کے مطابق راکٹ کی پرواز بالکل شیڈول کے مطابق اور کامیابی سے جاری ہے:
اسٹیشن سے ملاپ:
اڑان بھرنے کے تقریباً 4 سے 5 گھنٹے بعد خلائی جہاز ’شینژو 24‘ چین کے ’تیانگونگ‘ خلائی اسٹیشن سے منسلک ہوگا اور محمد ذیشان علی اسٹیشن میں داخل ہو کر وہاں قدم رکھنے والے دنیا کے پہلے غیر ملکی خلا باز بن جائیں گے۔
سائنسی تجربات:
خلائی اسٹیشن پر تقریباً 5 روز سے ایک ہفتے کے قیام کے دوران تینوں خلا باز مجموعی طور پر 90 سائنسی تجربات انجام دیں گے۔ پاکستانی خلا باز بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ خاص طور پربائیو ٹیکنالوجی اور میٹریلز سائنس کے شعبوں میں پاکستان اور چین کے مشترکہ منصوبوں پر تحقیق کریں گے جس سے پاکستان کے سائنسی اور تکنیکی شعبوں کے لیے نئے دروازے کھلیں گے۔
واپسی کا شیڈول:
مشن کی تکمیل کے بعد محمد ذیشان علی رواں سال مئی میں اسٹیشن سے منسلک ہونے والے خلائی جہاز ’شینژو 23‘ کے ذریعے زمین پر واپس لوٹیں گے۔
سرگودھا سے خلا تک: ذیشان علی کا شاندار سفر
22 اگست 1986 کو سرگودھا میں پیدا ہونے والے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے ایرو سائنسز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وار اسٹڈیز میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور پاک فضائیہ میں شاندار خدمات انجام دیں۔
ذاتی زندگی میں وہ شادی شدہ ہیں اور تین بیٹیوں کے والد ہیں۔ فروری 2025 میں سپارکو اور سی ایم ایس اے کے معاہدے کے تحت دو پاکستانی امیدواروں (محمد ذیشان علی اور خرم داؤد) کو تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا جس کے بعد ذیشان علی نے ایک سال پر محیط کٹھن خلائی تربیت محض 7ماہ میں مکمل کر کے اور چینی زبان پر عبور حاصل کر کے حتمی عملے میں اپنی جگہ بنائی۔
’’آج ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے‘‘ صدر اور وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد
مشن کی کامیاب روانگی پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پوری پاکستانی قوم، سپارکو کے سائنس دانوں اور ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
صدرِ مملکت کا پیغام:
صدرِ مملکت نے کہا کہ پہلے پاکستانی خلا باز کی خلا میں روانگی ملک کی سائنسی و تکنیکی تاریخ کا ایک روشن اور ناقابلِ فراموش باب ہے۔
محمد ذیشان علی نے اپنی محنت اور صلاحیت سے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر دیا ہے جبکہ چین کا بے لوث تعاون پاک چین لازوال دوستی اور آہنی بھائی چارے کا عظیم مظہر ہے۔
انہوں نے مشن کی مکمل کامیابی اور خلا بازوں کی بحفاظت واپسی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
وزیراعظم کا پیغام:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے کیونکہ اس مشن میں صرف ذیشان علی نہیں بلکہ پورا پاکستان خلا میں جا رہا ہے اور ملک کی نمائندگی و وقار ان کے سر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا ستاروں سے آگے کا سفر شروع: پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی روانگی پر وزیراعظم شہباز شریف کا قوم کے نام خصوصی پیغام!
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی خلائی ادارے سپارکو (SUPARCO)، مشن کے لیے سائنسی تجربات کا حصہ بننے والے سائنسدانوں اور جامعات کے ساتھ ساتھ مسلح افواج اور قومی اداروں کی کاوشوں کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی زمین اور سمندروں سے گزر کر اب خلا کی وسعتوں تک جا پہنچی ہے اور یہ مشن پاکستانی نوجوانوں کے لیے سائنس، خلائی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں نئی راہیں کھولے گا۔
انہوں نے چینی قیادت اور خلائی اداروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے خلا بازوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔





