سرگودھا: ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سرگودھا کے صدر ملک رمیض فروکہ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو بار سے خطاب کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلا کا پلیٹ فارم ذاتی سیاسی مفادات کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
سرگودھا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈسٹرکٹ بار ملک رمیض فروکہ نے مؤقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمان ماضی میں مختلف حکومتوں کا حصہ رہے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اپنے سیاسی مفادات کو ترجیح دی ہے۔
ملک رمیض فروکہ کے مطابق پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کے خاتمے اور خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے معاملات میں بھی ان کا کردار نمایاں رہا، اور جب انہیں اپنے مطابق سیاسی فوائد حاصل نہ ہوئے تو انہوں نے تحریک شروع کر دی جس کا عوامی مسائل سے کوئی تعلق نہیں۔
ملک رمیض فروکہ نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز غلام مرتضیٰ نامی شخصیت نے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے درخواست کی تھی کہ مولانا فضل الرحمان کو دورہ سرگودھا کے موقع پر ڈسٹرکٹ بار میں خطاب کا موقع فراہم کیا جائے، تاہم بار قیادت نے اس درخواست کو مسترد کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : پگڑی اوڑھ کر فوج کے خلاف زہر اگلنے کی چھوٹ نہیں ملے گی، پیغامِ پاکستان ہی اصل بیانیہ ہے، مولانا طیب قریشی
انہوں نے واضح کیا کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن صرف ان تحریکوں اور سرگرمیوں کا ساتھ دے گی جن میں حقیقی عوامی مفادات وابستہ ہوں، اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے وکلا برادری صفِ اول میں کردار ادا کرتی رہے گی۔
اس موقع پر ملک رمیض فروکہ نے ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات اور انتظامی ضرورت کے پیش نظر نئے یونٹس بنائے جانے چاہئیں۔
تاہم انہوں نے سرگودھا کو راولپنڈی ڈویژن کے ساتھ منسلک کرنے کی مجوزہ تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا کی اپنی تاریخی، جغرافیائی اور انتظامی شناخت ہے جسے ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہیے۔





