خلا میں بھی پاک چین دوستی زندہ باد، ذیشان علی چینی خلا بازوں کے ہمراہ خلائی اسٹیشن پہنچ گئے، دونوں ملکوں کے پرچم بھی نمایاں

اسلام آباد: پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے دو چینی خلا بازوں کے ہمراہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن میں داخل ہو کر خلائی سفر اور بین الاقوامی سائنسی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز کر دیا ہے۔

چینی خلائی اسٹیشن کے مطابق شینژو 24 مشن کے عملے میں شامل پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی اور چینی خلا باز تانگ ہونگ بو و وو یی خلائی اسٹیشن پہنچے، جہاں پہلے سے موجود شینژو 23 مشن کے خلا بازوں نے ان کا استقبال کیا۔

 اس موقع پر چین اور پاکستان کے پرچم بھی نمایاں کیے گئے۔ محمد ذیشان علی تیانگونگ خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز اور خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی شہری بن گئے ہیں، جبکہ پاکستان چین کے انسان بردار خلائی مشن میں اپنے خلا باز کو شامل کرنے والا پہلا غیر ملکی ملک بھی ہے۔

معاہدے سے خلائی پرواز تک کا سفر

پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو اور چین کی انسان بردار خلائی ایجنسی کے درمیان فروری 2025 میں تعاون کا معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاکستانی خلا بازوں کو چین میں تربیت دینے اور مشن میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 اپریل 2026 میں تین مراحل پر مشتمل طبی، جسمانی اور ذہنی جانچ کے بعد محمد ذیشان علی اور پائلٹ خرم داؤد کو تربیت کے لیے منتخب کیا گیا، جس کے بعد ذیشان علی کو شینژو 24 مشن کے لیے نامزد کیا گیا اور خرم داؤد متبادل خلا باز مقرر ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : زمین کی حدود پار، پاک چین لازوال دوستی خلا میں پہنچ گئی، پہلے پاکستانی خلا باز کے تاریخی مشن پر فیلڈ مارشل و عسکری قیادت کی سپارکو اور قوم کو مبارکباد

چالیس سالہ محمد ذیشان علی پاکستانی فضائیہ کے ونگ کمانڈر اور سابق فوجی پائلٹ ہیں۔ خلائی مشن سے قبل انہوں نے چین کے خلا باز تربیتی مرکز میں تقریباً سات ماہ سخت تربیت حاصل کی، جس میں خلائی جہاز کے نظام، ہنگامی طریقہ کار، بے وزنی کی مشقوں اور چینی زبان میں تکنیکی و ہنگامی ہدایات سمجھنے کی تربیت شامل تھی۔

 خلائی اسٹیشن پر قیام اور سائنسی تجربات

محمد ذیشان علی تقریباً ایک ہفتہ تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے اور شینژو 23 کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے، جبکہ چینی خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی تقریباً چھ ماہ تک وہاں قیام کریں گے۔

 مشن کے دوران 90 سے زائد سائنسی تجربات اور تکنیکی آزمائشیں کی جائیں گی، جن میں خلائی حیاتیات، مادی سائنس اور خلائی طب شامل ہیں۔

ذیشان علی مشن میں تحقیقی سرگرمیوں کے ماہر کے طور پر شامل ہیں اور پاکستانی جامعات کے تیار کردہ تحقیقی نمونوں و آلات پر کام کریں گے۔

 سپارکو کو موصول ہونے والی 300 سے زائد تجاویز میں سے چار حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے تجربات منتخب کیے گئے ہیں، جن کا تعلق غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور خلا میں ضیائی تالیف کرنے والے خردبینی جانداروں و مائیکرو الجی کے رویوں سے ہے۔

Scroll to Top