اسلام آباد: پاکستان کی میزبانی میں جاری این ایس ایس سی نیٹ ورک کے 15ویں سالانہ اجلاس کے تیسرے روز بین الاقوامی جوہری ماہرین اور مختلف ممالک کے نمائندگان نے پائیس یونیورسٹی کا دورہ کیا اور جوہری سلامتی کے شعبے میں پاکستان کی تعلیمی، تحقیقی اور تربیتی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔
23 سے 26 نومبر تک جاری رہنے والے اجلاس کے شرکاء کو جوہری سلامتی کے شعبے میں ماہر افرادی قوت کی تیاری، پیشہ ورانہ تربیت، تحقیق اور استعداد کار میں اضافے کے لیے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر اعلیٰ تعلیم اور خصوصی تربیت کے ذریعے ماہرین تیار کرنے میں پائیس یونیورسٹی کے کردار کو خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا۔
ریکٹر کی گفتگو اور تربیتی پروگراموں پر بریفنگ
استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے پائیس یونیورسٹی کی ریکٹر ڈاکٹر انیلہ عثمان نے جوہری سائنس کے شعبے میں معیاری تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ کے لیے ادارے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: خلا میں بھی پاک چین دوستی زندہ باد، ذیشان علی چینی خلا بازوں کے ہمراہ خلائی اسٹیشن پہنچ گئے، دونوں ملکوں کے پرچم بھی نمایاں
نیٹ ورک میں پاکستان کے فوکل پرسن اور سابق چیئرمین نے شرکاء کو جوہری سلامتی کے تعلیمی و تربیتی پروگراموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں جوہری سلامتی کی باضابطہ تعلیم کا آغاز 2009 میں ایم ایس نیوکلیئر انجینئرنگ پروگرام کے تحت ذیلی تخصص کے طور پر کیا گیا تھا، جبکہ اب جوہری سلامتی اور طبعی تحفظ کے نظام سے متعلق خصوصی کورسز بھی پڑھائے جا رہے ہیں۔
لیبارٹریوں کا معائنہ اور عالمی اشتراک
شرکاء کو جوہری سلامتی کی تعلیم و تربیت کے لیے قائم خصوصی سہولیات کا بھی دورہ کرایا گیا، جن میں نیوکلیئر سیکیورٹی ایجوکیشنل لیبارٹری نمایاں ہے، جہاں تابکاری کی نشاندہی، داخلے پر کنٹرول، غیر مجاز نقل و حرکت کی شناخت اور سی سی ٹی وی نگرانی کے جدید نظام موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : زمین کی حدود پار، پاک چین لازوال دوستی خلا میں پہنچ گئی، پہلے پاکستانی خلا باز کے تاریخی مشن پر فیلڈ مارشل و عسکری قیادت کی سپارکو اور قوم کو مبارکباد
وفد نے آئی اے ای اے پائیس کولیبوریٹنگ سینٹر اور دیگر تحقیقی لیبارٹریوں کا معائنہ بھی کیا اور اساتذہ و ماہرین سے تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے کے مطابق یونیورسٹی کا شعبہ نیوکلیئر انجینئرنگ جوہری توانائی کے عالمی ادارے کا نامزد کردہ اشتراکی مرکز ہے، جبکہ اساتذہ انسین اور این ایس ایس سی نیٹ ورک سمیت دیگر عالمی پروگراموں میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز، پاکستان سینٹر آف ایکسی لینس فار نیوکلیئر سکیورٹی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سیفٹی اینڈ سکیورٹی مل کر قومی و بین الاقوامی سطح پر جوہری سلامتی کی استعداد کار بڑھانے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔





