پاکستانی سپوت ذیشان علی نے خلا میں سبز ہلالی پرچم لہرا کر تاریخ رقم کر دی، خیبر پختونخوا کے شہریوں کا والہانہ خراج تحسین، مٹھائیاں تقسیم

پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کے تاریخی خلائی سفر پر خیبر پختونخوا کے عوام نے مسرت اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے اس کارنامے کو ملک و قوم کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔

تخت بھائی اور ایبٹ آباد کے رہائشیوں نے ذیشان علی کی اس کامیابی کو پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں، محنت، عزم اور حوصلے کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان دنیا کے کسی بھی میدان میں اپنی قابلیت منوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

تخت بھائی کے شہریوں کا کہنا تھا کہ محمد ذیشان علی نے اپنی ہمت، جرات اور غیر معمولی صلاحیتوں کی بدولت عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے جس پر پوری قوم نازاں ہے۔ ان کے مطابق یہ کامیابی نہ صرف ملکی ترقی کی عکاس ہے بلکہ نوجوان نسل کے لیے حوصلے اور امید کی کرن بھی ہے۔

علاوہ ازیں ایبٹ آباد میں بھی اس تاریخی سنگِ میل پر جشن منایا گیا اور شہریوں نے خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔ اہلِ علاقہ نے پاکستانی خلا باز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ذیشان علی نے یہ ثابت کر دکھایا ہے کہ پاکستانی نوجوان کسی سے پیچھے نہیں اور ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اے آر ڈی سی کا  اہم اجلاس کل پشاور میں ہوگا، کور کمانڈر پشاور سمیت اعلیٰ حکام شرکت کریں گے

شہریوں کے بقول ذیشان علی کا یہ کارنامہ نوجوان نسل کو سائنس و ٹیکنالوجی سمیت دیگر جدید شعبوں میں آگے بڑھنے اور ملک کا نام روشن کرنے کی ترغیب دے گا، جبکہ ان کا یہ تاریخی سفر پوری قوم کے لیے باعثِ فخر اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک مشعلِ راہ ہے۔

Scroll to Top