ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد، پنجاب میں اسموگ اور دھند کا راج برقرار ،بارش کاامکان نہیں،محکمہ موسمیات

ملک کے موسمی منظرنامے میں خشک برّی ہواؤں کے غلبے کے باعث آئندہ چند روز تک بارش کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا جبکہ پنجاب کے بڑے شہروں میں اسموگ اور دھند کا راج بدستور برقرار ہے۔ 

پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کی تازہ رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور پہاڑی خطوں میں شدید سرد رہے گا جبکہ سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بارانی علاقوں میں کم بارشوں کے سبب خشک سالی کا خدشہ بھی سر اٹھا رہا ہے جو زرعی سرگرمیوں کے لیے ایک اہم چیلنج ہے۔

پاکستان محکمہ موسمیات (PMD) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین موسمی صورتحال کے مطابق ملک کے زیادہ تر حصوں پر اس وقت خشک برّی ہوائیں (Continental Air) اثر انداز ہو رہی ہیں جس کے نتیجے میں آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ نومبر کے اختتام تک کسی مضبوط بارش برسانے والے سسٹم کے ملک میں داخل ہونے کی کوئی توقع نہیں ہے۔

پنجاب میں اسموگ اور دھند کی صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صوبے کے میدانی علاقوں بالخصوص لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور میں صبح اور رات کے اوقات میں اسموگ اور ہلکی سے درمیانی دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خشک موسم اور ہواؤں کی رفتار سست ہونے کے باعث لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں فضائی آلودگی (AQI) کی سطح بدستور تشویشناک حد تک بلند ہےجس کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور باہر نکلتے وقت ماسک کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔

بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے اور گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں رات کے اوقات میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 28 سے 30 نومبر کے دوران ان بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم کسی بڑی برفباری یا بارش کی توقع نہیں ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا جبکہ کوئٹہ، قلات اور زیارت سمیت شمالی بلوچستان میں راتیں شدید ٹھنڈی رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : گوگل میٹ صارفین کے لیے بڑی خوشخبری:مہنگا ترین فیچر اب بالکل مفت دستیاب !

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج دن کے وقت مطلع صاف اور دھوپ نکلی رہے گی جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خشک سالی کے خدشے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران معمول سے انتہائی کم بارشوں کے باعث سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بارانی علاقوں میں خشک سالی کی کیفیت پیدا ہو رہی ہے جو گندم سمیت ربیع کی دیگر فصلوں کی کاشت اور نشوونما پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top