جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اور مولانا فضل الرحمان کے بھائی عطا الرحمان کی اجتماع سے خطاب کی ویڈیو ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہےجس میں انہوں نے شاعری میں تبدیلی کرکے فوج کے خلاف انتہائی اشتعال انگیز الفاظ استعمال کیے۔
عطا الرحمان نے شاعر سے معذرت کرتے ہوئے حکمرانوں کو مخاطب کیا اور کہا کہ ’’لو تم بھی سنو، حکمران بھی سنیں، ایک بات سنانے آیا ہوں، آج مولوی کو لے کر جرنیلوں سے لڑانے آیا ہوں۔‘‘
انہوں نے تاج محل کی دیواروں کا ذکر کرنے والے شعر کو بھی تبدیل کرکے فوجی چھاؤنیوں سے جوڑ دیا اور کہا کہ ’’فوجی چھاؤنی کی دیواریں مضبوط نہیں، مضبوط کرو، میں فوجی چھاؤنیوں میں آگ لگانے آیا ہوں۔‘‘
عطا الرحمان کی جانب سے اشعار میں دانستہ تبدیلی کرکے مذہبی طبقے کو فوج کے مقابل کھڑا کرنے اور فوجی چھاؤنیوں کو آگ لگانے کی بات سیاسی احتجاج کی حدود سے تجاوز ہے۔ ان کے استعمال کردہ الفاظ کا ظاہری مفہوم فوج کے ساتھ براہِ راست محاذ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کی دھمکی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کے مطابق سیاسی اختلافات اور مطالبات کے لیے پرامن احتجاج ہر جماعت کا جمہوری حق ہے، تاہم مذہبی جذبات کو فوج کے خلاف استعمال کرنا اور فوجی تنصیبات کو آگ لگانے کی بات کرنا کسی بھی ذمہ دار سیاسی قیادت کے شایانِ شان نہیں۔
صارفین کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی جماعت کے ایک اہم رہنما کی جانب سے اس نوعیت کی زبان کا استعمال انتہائی تشویش ناک ہے۔ متعلقہ اداروں کو اس تقریر کا مکمل قانونی جائزہ لینا چاہیے جبکہ جے یو آئی کی مرکزی قیادت کو بھی اس بیان پر اپنا مؤقف واضح کرنا چاہیے۔





