سینئر صحافی حسن خان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی احتجاجی سیاست پر کڑی تنقید کی ہے اور سوال اٹھایا ہے کہ پنجاب میں روکے جانے کا احتجاج خیبر پختونخوا میں کیوں کیا جا رہا ہے؟ ۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر فضل الرحمان کو احتجاج کا آئینی حق حاصل ہے تو عام شہریوں کو بھی بلا رکاوٹ سفر کرنے کا آئینی حق حاصل ہےجبکہ راستے بند کر کے موٹروے پر نماز ادا کرنا مذہبی ٹچ نہیں بلکہ سیاسی مفادات کے لیے مذہبی شعائر کا استعمال ہے۔
حسن خان نے مزید کہا کہ پاکستان اب ایک ہارڈ اسٹیٹ ہے جس کا مطلب قانون کی حکمرانی ہے اور نام نہاد پولیس امن کمیٹی کی آڑ میں حلف سے روگردانی کرنے والے اہلکاروں کو پولیس آرڈر کے تحت ملازمت سے برطرف کیا جانا چاہیے۔
پختون ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی حسن خان نے میں ملک کی موجودہ احتجاجی سیاست، شاہراہوں کی بندش، مذہبی علامات کے سیاسی استعمال اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نظم و ضبط پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا ہے۔
فضل الرحمان کی احتجاجی حکمتِ عملی پر تنقید کرتے ہوئے حسن خان نے سوال اٹھایا کہ پنجاب میں روکے جانے کا احتجاج خیبر پختونخوا میں کیوں کیا جا رہا ہے؟ ۔
یہ بھی پڑھیں : مفادات کی سیاست کا پردہ چاک، شہداء کے تقدس کو پامال کرنے والے فضل الرحمن کا حقیقی چہرہ بے نقاب!
انہوں نے کہا کہ یہی روش ماضی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بھی رہی ہے اور آج بڑے بڑے علماء بھی عوامی راستے بند کیے بیٹھے ہیں۔
حسن خان نے خبردار کیا کہ اگر ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوئی تو پھر کیا ہوگا اور خدانخواستہ راستہ بند ہونے کے باعث کوئی مریض بروقت ہسپتال نہ پہنچنے سے جاں بحق ہو گیا تو کیا اس پر ایف آئی آر بھی درج ہوگی؟
انہوں نے مزید کہا کہ فضل الرحمان کو شکایات پنجاب حکومت سے ہیں لیکن وہ احتجاج خیبر پختونخوا میں کر رہے ہیں حالانکہ یہاں ان کی آمدورفت پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔
ان کا مؤقف تھا کہ اگر فضل الرحمان کو احتجاج کا آئینی حق حاصل ہے تو عوام کو بھی بلا رکاوٹ سفر کرنے کا آئینی حق حاصل ہے اس لیے اگر مسئلہ پنجاب حکومت سے ہے تو احتجاج بھی پنجاب میں ہونا چاہیے کیونکہ خیبر پختونخوا کے عوام کو اذیت دینے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
عوامی مشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے حسن خان نے سوال کیا کہ عوام کے راستے بند کرنے کا اختیار کس نے دیا ہے؟
اگر حکومت سے اختلاف ہے تو اس کی سزا عام شہریوں کو کیوں دی جائے جبکہ راستوں میں پھنسے مسافروں میں بیمار، بزرگ اور بچے بھی ہو سکتے ہیں لہٰذا عوامی راستے بند کرنا کسی صورت درست نہیں۔
شاہراہوں پر احتجاج کے دوران مذہبی علامات کے استعمال پر تبصرہ کرتے ہوئے سینئر صحافی نے کہا کہ راستے بند کر کے موٹروے پر نماز ادا کرنا مذہبی ٹچ نہیں بلکہ منافقت ہے اور نماز کو ڈھال بنا کر قانونی کارروائی سے بچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی عالمِ دین اس عمل کی اجازت نہیں دے سکتا کیونکہ اپنے سیاسی اور ذاتی مفادات کے لیے مذہبی شعائر کو ہتھیار بنانا اسلام کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔
ریاستی رٹ اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے حسن خان نے کہا کہ پاکستان اب ایک ہارڈ اسٹیٹ ہے جس کا مطلب قانون کی حکمرانی ہے، اور قومی مفادات، ریاستی اداروں اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج کرنے سے کسی نے منع نہیں کیا لیکن احتجاج کی آڑ میں راستے بند کرنے، عوام کی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے اور شہریوں کو اذیت دینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اب لوگوں کو بھی احساس ہو گیا ہے کہ ریاست قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : چیلنج سے حقیقت تک: خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا نفاذ اور سیاسی درجہ حرارت! سونیا شاہ کا پی ٹی آئی کے ماضی کے دعوؤں اور صوبائی اصلاحات پر دوٹوک مؤقف !
علاوہ ازیں خیبر پختونخوا میں پولیس اہلکاروں کے احتجاج کا ذکر کرتے ہوئے حسن خان نے کہا کہ نام نہاد پولیس امن کمیٹی کی آڑ میں ریاست کو بلیک میل کرنے والے پولیس اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
ان کے بقول ان اہلکاروں نے یونیفارم اتار پھینک کر اپنے حلف سے روگردانی اور کھلی بغاوت کی ہے اس لیے پولیس آرڈر کے تحت ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور محض معطلی کے بجائے انہیں ملازمت سے برطرف کیا جائے۔





