وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مکہ دفاعی معاہدے کے تحت اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اہم اجلاس آج منعقد ہوگا، جس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کی شرکت متوقع ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں تینوں برادر ممالک کے اعلیٰ حکام خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال، مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز، علاقائی امن و سلامتی اور باہمی دفاعی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی، دفاعی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور اہم معاملات بھی زیرِ غور آئیں گے۔
موجودہ علاقائی صورتحال اور سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں اس اجلاس کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔ کمیٹی کے سیکریٹری جنرل ریٹائرڈ جنرل نعمان محمود بھی اجلاس کے انتظامی امور اور ادارہ جاتی رابطوں میں اہم کردار ادا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک چین دوستی کا نیا مدار: پاکستان کا 2035 میں چاند پر اترنے کا ہدف ،احسن اقبال کا سنسنی خیز انکشاف!
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے تاہم ریڈ زون میں واقع وزارتوں اور سرکاری اداروں کے ملازمین گھروں سے کام کریں گے۔
کیبنٹ ڈویژن نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت ریڈ زون میں واقع تمام وزارتوں اور اداروں میں ورک فرام ہوم ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈ زون کے افسران اور عملہ ضرورت پڑنے پر ہنگامی بنیادوں پر دفتر طلب کیے جا سکیں گے، جبکہ اسلام آباد کے دیگر علاقوں میں مقامی تعطیل ہوگی۔





