اسٹریٹ پاور کے بلند بانگ دعوے اپنے ہی کارکنوں نے کوڑے دان میں پھینک دیے، لاہور کی رہائش گاہ کی ملکیت پر بھی سوالات اٹھ گئے

لاہور : جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کی گرفتاری اور بعد ازاں ان کی رہائش گاہ کے محاصرے سے متعلق دن بھر گردش کرنے والی خبروں اور بیانات پر سیاسی و عوامی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ 

ناقدین اور سیاسی مبصرین نے جماعت کی جانب سے جاری کیے گئے بیانات کو تضادات کا مجموعہ قرار دیتے ہوئے اسے احتجاجی کال کی ناکامی چھپانے کی کوشش قرار دیا ہے۔

سیاسی حلقوں اور ناقدین کے مطابق دن کے آغاز میں یہ تاثر دیا گیا کہ مولانا فضل الرحمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جس کی بنیاد پر ریاستی اداروں کے خلاف بیانات دیے گئے اور کارکنوں کو سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی گئی۔

 تاہم شام تک یہ صورتحال واضح ہو گئی کہ وہ نہ تو کسی تھانے میں تھے اور نہ ہی حراست میں، بلکہ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر موجود تھے، جس کی تصدیق خود جماعت کے ترجمان کے پیغامات سے بھی ہوئی۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ گرفتاری کی تردید سامنے آنے کے بعد جماعت کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور انہیں محصور کر دیا گیا ہے۔

 مبصرین کے مطابق اس دعوے کے حق میں اب تک رہائش گاہ کے اندر یا بالائی منزل سے کوئی مستند اور تازہ ویڈیو یا تصویری ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا، جس سے محاصرے کے دعوے پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی شہریوں کے لئے بڑی خوشخبری:وزیراعظم قرض سکیم اب ہرشخص کی پہنچ میں!

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اصل معاملہ پولیس کے محاصرے کا نہیں بلکہ احتجاجی کال پر کارکنوں اور عوام کی عدم دلچسپی کا ہے۔

ناقدین کے مطابق اسٹریٹ پاور کے دعوؤں اور ملک گیر احتجاج کی اپیل کے باوجود کارکنوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نہیں نکلی، اور اسی شرمندگی و ناکامی سے بچنے کے لیے پہلے گرفتاری اور پھر محاصرے کا بیانیہ تشکیل دیا گیا۔

دوسری جانب ناقدین اور عوامی حلقوں کی جانب سے لاہور کی اس رہائش گاہ کی ملکیت اور حیثیت پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں جہاں مولانا فضل الرحمان قیام پذیر ہیں۔

 ناقدین نے یہ سوال اٹھایا ہے کہ آیا یہ رہائش گاہ ان کے ذاتی اثاثوں کا حصہ ہے، مبینہ قبضے کے تحت ہے یا پھر کسی کی مستقل میزبانی میں استعمال کی جا رہی ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ احتجاج اور محاصرے کے بیانیے کے برعکس زمینی حقائق یہی ظاہر کرتے ہیں کہ عوام کی جانب سے اس احتجاجی مہم کو پذیرائی نہیں ملی۔

Scroll to Top