جنوبی پنجاب کے بڑے شہر ملتان میں جے یو آئی (ف) کی قیادت سے منسلک مشہور سیٹ اپ میں قائم درجنوں کمرشل دکانوں کی خطیر آمدن اور کرایوں کے حساب کتاب نے عوامی، مذہبی اور تحقیقاتی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہےجس پر تنقیدی حلقوں اور عوام نے کڑے اور براہ راست سوالات اٹھا دیے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اس مرکزی سیٹ اپ کے اطراف قائم درجنوں دکانوں سے ہر ماہ لاکھوں روپے کرایہ وصول کیا جاتا ہے، تاہم اس کمرشل آمدن کے مصرف اور مالی شفافیت کے حوالے سے کوئی باضابطہ ریکارڈ یا آڈٹ رپورٹ منظرِ عام پر موجود نہیں ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بے نامی جائیدادوں کے تنازع کے بعد اب مذہبی اداروں سے منسلک کمرشل جائیدادوں کی آمدن بھی زیرِ بحث آ گئی ہے۔
ناقدین اور تنقیدی حلقوں کا کہنا ہے کہ عوام اور چندہ دینے والے شہری یہ جاننے کا پورا حق رکھتے ہیں کہ ملتان کے اس مشہور سیٹ اپ میں قائم درجنوں دکانوں کا کرایہ کس کی جیب میں جاتا ہے؛ آیا یہ رقم دینی مدرسے کے غریب طلبہ کی تعلیم، رہائش اور خوراک پر خرچ ہوتی ہے، جماعت کے مرکزی اکاؤنٹ میں جمع ہوتی ہے یا پھر چند مخصوص بااثر افراد کی نجی جیبوں کی نذر ہو رہی ہے۔
ناقدین نے اس صورتحال کو مذہب کے نام پر کمرشل کاروبار قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ فلاحی و دینی اداروں کی آڑ میں کمائی جانے والی خطیر رقوم کا کوئی حساب کتاب نہیں رکھا جاتا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹیکس قوانین کے تناظر میں ناقدین نے کمرشل آمدن پر ٹیکس اور آڈٹ کے فقدان کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملکی قوانین کے تحت کسی بھی کمرشل پراپرٹی سے حاصل ہونے والے کرائے پر انکم ٹیکس لاگو ہوتا ہے اور اگر جائیداد وقف یا ٹرسٹ کی ہو تو اس کا سالانہ آڈٹ لازم ہے۔
اس منظرنامے پر شریعت، امانت داری اور شفافیت کے دعوؤں کے حوالے سے کڑی تنقید کی جا رہی ہے کہ جو لوگ دوسروں سے پائی پائی کا حساب مانگتے ہیں، خود ان کے زیرِ انتظام کمرشل دکانوں کے کرایوں کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔
ناقدین کا سوال یہ ہے کہ اگر یہ کرایہ واقعی مدرسے یا جماعت پر خرچ ہوتا ہے تو اس کا مصدقہ آڈٹ اور بینک اسٹیٹمنٹ پبلک کیوں نہیں کی جاتی۔ملک میں خیراتی اداروں، ٹرسٹس اور مذہبی مراکز کی کمرشل جائیدادوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے اور ان کے مالی معاملات کو دستاویزی بنانے کے لیے ایف بی آر اور صوبائی محکمہ اوقاف کے قوانین موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ستاروں سے آگے پاکستان کا پرچم لہرانے والے قوم کے ہیرو کو خراج تحسین، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خلائی اسٹیشن پر ذیشان علی سے براہ راست رابطہ
تجزیہ کاروں کے مطابق کمرشل آمدن کا غیر شفاف استعمال نہ صرف مالی بے ضابطگیوں کو جنم دیتا ہے بلکہ عوامی اعتماد کو بھی مجروح کرتا ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ جب سرکاری ریکارڈ، ٹیکس ادائیگی اور مالی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھ جائیں تو عوامی اور سیاسی بحث میں بیانیے اور عملی روش کے درمیان تضاد نمایاں ہو جاتا ہے، اور کسی بھی قسم کی تاویلات کے بجائے دستاویزی شواہد کے ذریعے کرایوں کا حساب دینا ہی قانون کی بالادستی کا تقاضا ہے۔





