وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر متعلقہ اداروں کی جانب سے قانونی کارروائی کے دوران دروازے بند کرنے اور سرکاری عملے کا راستہ روکنے کے واقعے نے پورے معاملے کو مزید مشکوک بنا دیا ہےجس پر قانونی ماہرین اور تنقیدی حلقوں نے کڑے اور براہِ راست سوالات اٹھا دیے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جب قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام کی ٹیمیں قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر پہنچیں، تو ملکیتی دستاویزات پیش کرنے کے بجائے گھر والوں اور وہاں موجود افراد کی جانب سے دروازے بند کر دیے گئے اور سرکاری عملے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سے منسلک بے نامی جائیداد اور نان کسٹم پیڈ گاڑی کی کارروائی کے دوران پیش آنے والی اس مزاحمت نے شکوک و شبہات کو تقویت دی ہے۔
ناقدین اور تنقیدی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ گھر مکمل طور پر قانونی تھا اور اس کی رجسٹری و ملکیتی دستاویزات میں کوئی سقم موجود نہیں تھا تو پھر سرکاری عملے کا سامنا کرنے اور کاغذات دکھانے کے بجائے دروازہ بند کر کے راستہ کیوں روکا گیا۔
تجزیہ نگار اس صورتحال کو قانون شکنی اور حقائق چھپانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ جب کسی کے پاس دکھانے کے لیے قانونی ثبوت نہ ہوں تو وہ مزاحمت اور دروازے بند کرنے کا سہارا لیتا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے تناظر میں ناقدین نے سرکاری امور میں مداخلت کے طریقۂ کار کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔جب کوئی شہری قانونی طور پر صاف شفاف ہوتا ہے تو وہ متعلقہ افسران کو خوش آمدید کہہ کر اپنے قانونی کاغذات پیش کرتا ہے تاکہ معاملہ موقع پر ہی کلیئر ہو جائے، لیکن یہاں رویہ اس کے بالکل برعکس تھا۔ اس منظرنامے پر قانون کی پاسداری اور شرافت کے دعوؤں کے حوالے سے کڑی تنقید کی جا رہی ہے کہ خود کو آئین و قانون کا محافظ کہنے والے مولانا فضل الرحمان کے گھر سے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر دروازے بند کیے گئے۔ ناقدین کا سوال یہ ہے کہ دروازے بند کر کے آخر کن غیر قانونی دستاویزات یا چیزوں کو چھپانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
ملک میں سرکاری اہلکاروں کے فرائضِ منصبی میں رکاوٹ ڈالنا اور قانونی کارروائی کی مزاحمت کرنا تعزیراتِ پاکستان کے تحت قابلِ سزا جرم ہے جس پر مختلف ادوار میں قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جاتی رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : دینی مدرسے کے نام پر کمرشل کمائیاں کی ایک اورغضبناک کہانی: ملتان کے مشہور سیٹ اپ میں درجنوں دکانوں کا کرایہ کس کی جیب میں جاتا ہے؟ فضل الرحمان سےکڑے سوالات
تجزیہ کاروں کے مطابق قانونی کارروائی کے دوران مزاحمت کرنا نہ صرف ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے بلکہ اس سے موقف کی کمزوری بھی ظاہر ہوتی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ جب سرکاری ریکارڈ، ملکیتی دستاویزات اور قانونی تقاضوں پر سنگین سوالات اٹھ جائیں تو عوامی اور سیاسی بحث میں بیانیے اور عملی روش کے درمیان تضاد نمایاں ہو جاتا ہے، اور دروازے بند کرنے کے بجائے قانونی فورمز اور دستاویزی شواہد کے ذریعے جواب دینا ہی قانون کی بالادستی کا تقاضا ہے۔





