ایران کی کرنسی ریال امریکی ڈالر کے مقابلے میں تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچنے کے بعد ایک ڈالر کی قیمت 30 لاکھ ریال کے قریب آ گئی ہے۔
ایران کی کرنسی کی قدر میں مسلسل کمی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ملک کئی دہائیوں کی بدترین مہنگائی کا سامنا کر رہا ہے۔ اس کی بڑی وجوہات میں گزشتہ 9 ماہ سے جاری ایران جنگ، امریکی پابندیوں میں سختی اور بالخصوص اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہفتے کو ایرانی اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر تقریباً 29 لاکھ 90 ہزار ریال میں فروخت ہوا، جبکہ جمعے کو اس کی قیمت 29 لاکھ 38 ہزار ریال تھی۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں فضل الرحمان کے زیر استعمال مکان افغان شہری کے نام پر تھا جسے خالی کروا لیا گیا،گورنرفیصل کریم کنڈی کی تصدیق
ایرانی کرنسی اگست میں بھی ریکارڈ کمی کا شکار ہوئی تھی، جب ایک امریکی ڈالر کی قیمت 20 لاکھ ریال سے تجاوز کر گئی تھی۔ اس وقت جولائی میں سالانہ مہنگائی کی شرح 66 فیصد تک پہنچ چکی تھی۔ ڈالر کی قیمت 30 لاکھ ریال کے قریب پہنچنا ایرانی معیشت پر بڑھتے ہوئے دباؤ اور کرنسی مارکیٹ میں عدم استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔





