اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے عید الفطر کے موقع پر مختلف عالمی رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطے کیے اور انہیں عید کی خوشیوں کی مبارکباد دی۔
ان رہنماؤں میں متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان، ایران کے صدر مسعود پزشکیان، ملائیشیا کے وزیر اعظم سری انور ابراہیم، اور بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے بحرین کے بادشاہ، قازقستان اور ترکمانستان کے صدور سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی۔
وزیر اعظم نے عالمی رہنماؤں کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور انہیں فائدہ مند اقتصادی اشتراک میں بدلنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے میانمار کے وزیراعظم جنرل من آنگ ہلینگ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور 28 مارچ کو آنے والے تباہ کن زلزلے پر اظہار تعزیت کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میانمار کے زلزلہ متاثرہ افراد کی تکالیف کم کرنے کے لیے ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
یہ بھی پڑھِں صدر ، وزیر اعظم اور اہم شخصیات نے نماز عید کہاں ادا کی؟
وزیر اعظم کے اس عید کے پیغامات نے عالمی رہنماؤں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور پاکستان کی عالمی سطح پر یکجہتی اور تعاون کی پختہ ارادے کو ظاہر کیا۔





