طلال چوہدری نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی دھمکی پر ردعمل میں کہا ہے کہ گنڈاپور کے پی حکومت کے گذشتہ 13سال کا حساب دیں ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ایک بارپھر وفاق کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس مہینے میں این ایف سی میں طے شدہ چیزیں نہ ملیں تو کے پی کے عوام ، پولیس اور سرکاری افسران سمیت سبکو لے کر نکلیں گے ۔جس کے جواب میں طلال چوہدری نے کہاکہ وفاق نے کے پی کو اس کے حصے سے زیادہ پیسے دیے ہیں ،وزیراعلیٰ گنڈاپور کے پی حکومت کے گذشتہ 13سال کا حساب دیں ۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہاکہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے صحیح الزام لگایا کہ ان کے اپنے لوگ اربوں روپے کھاگئے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ یہ اپنے آپ سے باتیں کررہے ہیں ان سے کوئی بات نہیں کررہا ، نافرمان اولاد کو ایک مرتبہ عاق کردیا جائے تو کئی دفعہ اس سے تعلقات بحال نہیں ہوتے ، پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات کی باتیں خود کلامی ہے ، مذاکرات اسی پارلیمنٹ میں ہوں گے ، جہاں سے یہ مذاکرات توڑ کر نکلے تھے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ بانی پی ٹی آئی بہت سارے لوگوں سے ملنا نہیں چاہتے ، جن سے ملنا چاہتے ہیں ان سے صبح 7بجے یا شام 7بجے بھی مل لیتے ہیں۔