اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کا اعلان کرتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کا اشارہ بھی دے دیا ہے۔
پیر کو میری ٹائم سیکٹر میں اصلاحات سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جیسے پہلے تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو بجلی کی قیمت کم کر کے دیا تھا، اسی طرح اس وقت تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی آرہی ہے اور اس کا فائدہ بھی عوام کو پہنچایا جائے گا۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ مختلف تجاویز پر سوچ و بچار جاری ہے اور بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کے لیے اصلاحات پر توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں اس معاملے کے بہتر نتائج نکلیں گے۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے بجلی کے نرخوں میں کمی ممکن ہونے کا ذکر کیا اور کہا کہ میری ٹائم سیکٹر میں پائیدار اصلاحات کے لیے ٹاسک فورس متحرک ہے۔
سمندری معیشت میں جمود کے خاتمے کے لیے اصلاحات پر کام جاری ہے اور بندرگاہوں کو مسابقتی بنانے کے لیے تجارتی ٹیرف پر نظرثانی کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کسٹمز کلیئرنس کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کنٹینرز کی بندرگاہوں پر موجودگی کا دورانیہ کم کرنے کے لیے بھی ایک لائحہ عمل تیار کیا جائے گا تاکہ سمندری وسائل تک رسائی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں بجلی کی قیمت میں کمی کے جامع پیکج کااعلان جلد ہوگا، شہباز شریف
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید 2 سے 3 فیصد کمی ہوگئی ہے جس سے عوام کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔ وزیر اعظم نے اس سے قبل بھی گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 7.15 روپے فی یونٹ کمی اور کمرشل صارفین کے لیے 8.58 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا تھا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے نہ صرف عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا بلکہ معیشت میں بھی استحکام آئے گا۔





