چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی میزبانی میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کی 6 ٹیموں کی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں شاہی قلعہ میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
پاکستان، بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز، آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ اور تھائی لینڈ کی کھلاڑیوں نے تقریب میں شرکت کی جہاں انہیں شاہی استقبال، ثقافتی جھلکیاں اور تاریخی مقامات کی سیر کرائی گئی۔
تقریب میں ڈھول، کتھک رقص، رنگیلا رکشہ کی سواری، اور مغلیہ دور کی جھلکیوں نے غیر ملکی مہمانوں کو محظوظ کیا، ۔ تقریب کے اختتام پر تمام مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا، جس میں مقامی کھانوں سے ان کی تواضع کی گئی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ہم تمام مہمان ٹیموں کا زِندہ دلانِ لاہور کی سرزمین پر پرتپاک خیرمقدم کرتے ہیں، انہوں نے کہا پاکستان ایک پرامن، محفوظ اور کرکٹ سے محبت کرنے والا ملک ہے ہمیں امید ہے کہ آپ کا قیام نہ صرف خوشگوار بلکہ یادگار ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج پنک مون کا شاندار نظارہ، مکمل چاند رات 9 بج کر 8 منٹ پر دکھائی دے گا
غیر ملکی کھلاڑیوں اور آفیشلز نے تقریب کو یادگار قرار دیتے ہوئے پی سی بی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ یہاں سے خوبصورت اور خوشگوار یادیں لے کر واپس جائیں گے۔
تقریب میں امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز، پی سی بی کے اعلیٰ حکام، ریفریز، ایمپائرز اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔





