پی ٹی آئی نے مائنز اینڈ منرلز بل کا جائزہ لینے کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی

پشاور: پاکستان تحریکِ انصاف خیبر پختونخوا نے خیبر پختونخوا مائنز اینڈ منرلز بل 2025 کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری علی اصغر نے کمیٹی کی تشکیل کا اعلامیہ جاری کر دیا۔

کمیٹی میں رکن قومی اسمبلی علی اصغر خان، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر امجد علی خان اور رکن قومی اسمبلی ارباب شیر علی خان شامل ہیں۔ اس کمیٹی کو بل کے تفصیلی جائزے کے لیے ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ اس میں موجود اہم سقم یا ابہامات کی نشاندہی کی جا سکے، اور بل کی شفافیت، صوبائی خودمختاری، عوامی حقوق کے تحفظ اور قانون کو وسیع تر عوامی مفاد کے مطابق ڈھالنے کے لیے سفارشات تیار کی جا سکیں۔

کمیٹی کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ متعلقہ ماہرین، قانونی و سماجی رہنماؤں اور دیگر ذی فہم افراد سے مشاورت کرے۔ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے مطابق ابتدائی جائزے اور مختلف سطحوں پر اٹھنے والے تحفظات کے بعد یہ واضح ہو چکا ہے کہ اس بل پر مزید وضاحت اور ممکنہ ترامیم ناگزیر ہیں۔

کمیٹی نے اپنی مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے اور بہت جلد خیبر پختونخوا حکومت اور پارٹی کی مرکزی قیادت کو اپنی سفارشات اور نتائج پیش کرے گی۔

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے مطابق بل کی کسی بھی قسم کی منظوری اس وقت تک نہیں دی جائے گی جب تک کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں بل کا جائزہ نہ لیا جائے اور پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے فیصلے کے مطابق بانی چیئرمین عمران خان سے مشاورت کی جائے گی۔ بل کے حتمی منظوری سے متعلق فیصلہ بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایات کے مطابق کیا جائے گا۔

Scroll to Top