سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شہریوں میں خوف و ہراس

خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے

پشاور:  خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلے کے جھٹکے پشاور،مالاکنڈ، سوات، شانگلہ، چترال، ایبٹ آباد، مردان، مہمند، صوابی، لوئر دیر اور آزادکشمیر کے علاقے بھمبر سماہنی اور گردونواح میں بھی محسوس ہوئے۔

اس کے علاوہ، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 121 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کے نتیجے میں فی الحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم، زلزلے کے جھٹکوں کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

یورپین میڈیٹرینین سیسمولو جیکل سینٹر کے مطابق، افغانستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے، جس کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی تھی۔ عالمی زلزلہ پیمامرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی گہرائی 121 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں فوراً متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

Scroll to Top