اسلام آباد: کویت نے پاکستان کے لیے تیل کریڈٹ کی سہولت میں دو سال کی توسیع کر دی ہے، جو پاکستان کی توانائی ضروریات اور معیشت کے استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
اس بات کا اعلان وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں کویتی سفیر کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے معاشی اصلاحات کی کٹھن راہوں پر کامیابی سے سفر طے کیا ہے، جس میں کویت اور دیگر برادر ممالک کی حمایت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
کویتی سفیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے معاشی ترقی کی جانب اہم قدم بڑھایا ہے، اور کویت پاکستان کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔
وفاقی وزیر نے کویت کی جانب سے رعایت اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، کویت کے عوام، امیرِ کویت اور ولی عہد کے لیے بے پناہ محبت اور احترام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کویت کی طرف سے دی گئی دو سالہ تیل کریڈٹ سہولت پاکستان کی مالی مشکلات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں امریکا نے ایرانی تیل درآمد کرنے والی کمپنوں، آئل ٹینکرز پر نئی پابندیاں لگا دیں
وزارت پیٹرولیم کے مطابق، پاکستان سالانہ 2 ملین ٹن تیل کویت سے درآمد کرتا ہے۔ ماضی میں یہ سہولت ایک سال کے لیے دی جاتی تھی، تاہم اب کویت نے ادھار تیل کی یہ سہولت دو سال کے لیے فراہم کر دی ہے، جو پاکستان کے لیے ایک بڑی معاشی ریلیف ہے۔





