خیبر پختونخوا میں موسم غیر یقینی ، مختلف مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی اور ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان بھی پہنچا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چترال اور گردونواح میں حالیہ بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری نے ایک بارپھر سرد موسم کی واپسی کی نوید دیدی ، پہاڑوں پر سفید چادر بچھ گئی جبکہ نشیبی علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری نے مقامی زراعت کو شدید نقصان پہنچایا ہے ۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق چترال کی خوبصورت کالاش ویلیز میں شدید ژالہ باری کے باعث پھلوں کے باغات اور مختلف فصلیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں ۔
ذرائع کے مطابق مسلسل تیز بارشوں کے سبب چترال کے ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حدتک بلند ہوچکی ہے ، کچھ علاقوں میں برساتی نالے سیلابی صورتحال اختیار کرچکے ہیں ، جس سے مقامی افراد کو نقل وحرکت میں دشواری کا بھی سامنا ہے ۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کا بھی امکان ہے ، ڈی آئی خان کا درجہ حرارت 39،بنوں 35جبکہ پشاور کا 34ڈگری ریکارڈ کیاگیا ، اس کے برعکس دیر ، سوات شانگلہ کے بعض مقامات پر مزید بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں چترال ، دیر ، سوات ، مانسہرہ اور گردونواح میں مزید بارش ، ژالہ باری اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کابھی امکان ظاہر کیاہے ۔





