کراچی: عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جب کہ آج پیر کے روز سونے کے نرخ ایک بار پھر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ دنوں میں امریکا اور دیگر بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی کشیدگی، اور دنیا بھر کے سینٹرل بینکس کی جانب سے گولڈ ریزرو بڑھانے کی کوششوں نے عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔
امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے سود کی شرح میں کمی نہ کرنے کے فیصلے کے بعد عالمی سطح پر مہنگائی اور کساد بازاری کے خطرات بڑھ گئے ہیں، جس سے سرمایہ کاروں کی توجہ ایک بار پھر قیمتی دھاتوں کی جانب مبذول ہوئی ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 59 ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 3 ہزار 454 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں اضافے کے براہ راست اثرات پاکستان کی صرافہ مارکیٹ میں بھی دیکھنے میں آئے، جہاں فی تولہ 24 قیراط سونا 5 ہزار 900 روپے مہنگا ہوکر 3 لاکھ 63 ہزار 700 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر فروخت ہوا۔ اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 5 ہزار 59 روپے کا اضافہ ہوا اور نئی قیمت 3 لاکھ 11 ہزار 814 روپے ہو گئی۔
اس کے برعکس، چاندی کی قیمتوں میں کسی قسم کی تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی۔ فی تولہ چاندی 3 ہزار 441 روپے جب کہ فی 10 گرام چاندی 2
ہزار 950 روپے پر مستحکم رہی۔
ماہرین کے مطابق سونے کی قیمت میں آئندہ دنوں میں مزید اضافہ متوقع ہے اگر عالمی سطح پر غیر یقینی معاشی حالات برقرار رہے۔





