پی ٹی آئی میں پیسوں کی بندر بانٹ جاری ہے، اکاؤنٹس منجمد کئے جائیں، اکبر ایس بابر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے ایک بار پھر پارٹی کی مالی اور انتظامی بے ضابطگیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران پارٹی قیادت پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

اکبر بابر نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے اندر پیسوں کی بندر بانٹ جاری ہے اور پارٹی فنڈز کا غیر شفاف استعمال ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے اثاثوں اور اکاؤنٹس کو فوری طور پر منجمد کیا جانا چاہیے تاکہ مالی بدعنوانی کا سلسلہ روکا جا سکے۔

انہوں نے انٹرا پارٹی انتخابات پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے قانونی تقاضے پورے کیے بغیر جعلی جنرل باڈی کے ذریعے غیرقانونی انتخابات منعقد کیے، جنہیں خود الیکشن کمیشن بھی غیرقانونی قرار دے چکا ہے۔

اکبر بابر کا کہنا تھا، “کہا جا رہا ہے کہ پارٹی گدھوں کے قبضے میں ہے، لیکن درحقیقت یہ گِدھوں کے قبضے میں ہے جو اسے نوچ نوچ کر کھا رہے ہیں۔” انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو پارٹی الیکشن کمیشن کے قوانین کی خلاف ورزی کے باعث ڈی لسٹ ہونے کے خطرے سے دوچار ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فوج کیخلاف بیان بازی تحریک انصاف کی پالیسی نہیں ہے ،بیرسٹر سیف

انہوں نے واضح کیا کہ ان کی نیت پی ٹی آئی پر پابندی لگوانے کی نہیں، بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ پارٹی کے اندر جمہوری اقدار کو فروغ دیا جائے اور فنڈز کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے۔

اکبر بابر نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف پی ٹی آئی تک محدود نہیں بلکہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی اندرونی جمہوریت سے محروم ہیں، جہاں قیادت بلامقابلہ منتخب ہو رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جب تک سیاسی جماعتوں میں شفافیت اور جمہوریت فروغ نہیں پائے گی، ملک کی مجموعی جمہوری فضا بھی کمزور ہی رہے گی۔

Scroll to Top