اگلے 2،3 ہفتوں میں چین کیلئے ٹیرف طے کریں گے: امریکی صدر ٹرمپ

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین پر عائد تجارتی محصولات (ٹیرف) میں نرمی یا شدت کا انحصار چینی قیادت کے رویے پر ہوگا، اور اس حوالے سے اگلے دو سے تین ہفتوں میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ اور چین کے درمیان معاملات بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق چین کے ساتھ ڈیلنگ بہت اچھی ہو رہی ہے، اور اگر چین نے معاہدہ نہ کیا تو ہم اپنی شرائط پر ڈیل کریں گے۔

ٹرمپ نے اس امید کا اظہار کیا کہ چین کے ساتھ ٹیرف سے متعلق معاہدہ جلد طے پا جائے گا، اور اس میں عائد محصولات کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ چین پر ٹیرف کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ چینی قیادت کس انداز میں معاملات کو سنبھالتی ہے۔ واضح رہے کہ امریکا نے چینی مصنوعات پر 145 فیصد تک کے ٹیرف نافذ کر رکھے ہیں، جس کے جواب میں چین نے بھی امریکی اشیاء پر 125 فیصد ٹیرف عائد کیے ہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ روس اور یوکرین کے ساتھ معاملات میں بھی پیشرفت ہو رہی ہے اور ممکنہ طور پر روسی صدر پیوٹن سے جلد ملاقات ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں امریکہ نے چین پر ٹیرف 145 سے بڑھا کر 245 فیصد کردیا

کینیڈا کے بارے میں بات کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ کینیڈا سے گاڑیاں درآمد نہیں کرنا چاہتے، اور کینیڈین کاروں پر عائد ٹیرف میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا کے ساتھ بھی ایک نئی تجارتی ڈیل پر کام ہو رہا ہے۔

دوسری جانب چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے اور وہ تعمیری انداز میں تجارتی کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کرے گا۔

Scroll to Top