گوادر میں دہشت گردی کی کوشش ناکام، بلوچستان کی سیاسی قیادت کا ردعمل

کوئٹہ : گوادر میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے پر بلوچستان کی سیاسی قیادت نے سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

 سیاسی رہنماؤں نے خواتین کو دہشت گردی کی کارروائیوں میں شامل کرنے کی حکمت عملی پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

بلوچستان کی سیاسی قیادت نے گوادر میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ خواتین کو ایک لاحاصل جنگ کا حصہ بنا کر قبائلی روایات کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

رکن بلوچستان اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو چاہیے کہ وہ دہشت گردی کے پیچھے موجود عناصر کو پہچانیں، جو صوبے کے امن اور عوام کی عزت و وقار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایس آئی ایف سی کی معاونت سے ڈیری سیکٹر میں 55 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے خواتین کو دہشت گردی میں شامل کرنے کی حکمت عملی کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے مؤثر اور بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ بلوچستان کے روشن مستقبل کی ضمانت تعلیم ہے۔ ان کے مطابق بچوں کو گمراہ کن پروپیگنڈے سے محفوظ رکھنے کے لیے تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔

بلوچستان کی سیاسی قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے میں امن کے قیام اور نوجوان نسل کو گمراہ کن سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تعلیم اور آگاہی کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔

Scroll to Top