شہرت کے بعد محنت چھوڑ دیتے ہیں بعض باصلاحیت کرکٹرز، محسن نقوی

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ بعض باصلاحیت کرکٹرز شہرت حاصل کرنے کے بعد محنت کرنا چھوڑ دیتے ہیں، جس کے باعث وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام رہتے ہیں۔

لاہور قلندرز کی ایک تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ میں مسلسل محنت اور تربیت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

ان کے مطابق پاکستان کی تقریباً 24 کروڑ آبادی میں کرکٹ کا وسیع ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم اس کے باوجود قومی ٹیم میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو بنیادی کرکٹ کی مہارتیں سکھانے کی ضرورت پیش آتی ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے سوال اٹھایا کہ جب اتنی بڑی آبادی میں سے قومی ٹیم کے لیے صرف 14 کھلاڑی منتخب کیے جاتے ہیں تو انہیں بنیادی کرکٹ کی تربیت دینے کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ کوچز کی جانب سے انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مختلف بنیادی مہارتیں سکھائی جا رہی ہیں۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ ان کی تنقید کسی ایک کھلاڑی کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی اپنی کوتاہیوں سے متعلق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے اپنی غلطیوں کی اصلاح کی ہے اور بہتری کا یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے پی سی بی، کرکٹ ایسوسی ایشنز اور پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : عمان سے ایل پی جی لے کر 2 بحری جہاز پاکستان پہنچ گئے، قیمتوں میں کمی کا امکان

بورڈ اسکول اور ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دے رہا ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

چیئرمین پی سی بی کے مطابق اسکول کرکٹ پروگرام کے اگلے مرحلے میں 3 ہزار بچوں کو شامل کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ مزید نوجوان کھلاڑیوں کو آئندہ چھ ماہ میں تیار کرنے پر بھی کام جاری ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب محسن نقوی نے سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ ابتدائی اسکواڈ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق پہلی مرتبہ اسکواڈ میں شامل ہونے والے بلے بازوں سمیر منہاس، محمد طحہٰ اور محمد سلیمان بھی فہرست کا حصہ ہیں، جبکہ سابق کپتان شان مسعود کو اسکواڈ میں جگہ نہیں ملی اور بابر اعظم کپتان برقرار ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 9 سے 21 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔

Scroll to Top