کراچی: عمان سے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) لے کر آنے والے دو بحری جہاز پاکستان پہنچ گئے ہیں، جس کے بعد ملک میں ایل پی جی کی سپلائی بہتر ہونے اور قیمتوں میں کمی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں بحری جہاز مجموعی طور پر 7 ہزار 603 میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر پورٹ قاسم پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی کے ٹرمینل پر پریانیس نامی بحری جہاز نے 4 ہزار 250 میٹرک ٹن ایل پی جی آف لوڈ کی، جبکہ اینگرو ٹرمینل پر الیسا ون نامی جہاز سے 3 ہزار 83 میٹرک ٹن ایل پی جی اتاری گئی۔
یہ بھی پڑھیں : سوات: مینگورہ میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن، غیر قانونی تعمیرات اور رکاوٹیں مسمار
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے سرحدی راستے سے بھی ایل پی جی کی رکی ہوئی ترسیل کل سے دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے، جس سے ملک میں گیس کی دستیابی بہتر ہوسکتی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی سپلائی میں بہتری آنے سے قیمتوں میں کمی متوقع ہے، جس سے صارفین کو ریلیف ملنے کی امید ہے۔
تاہم قیمتوں میں کمی کی حتمی صورتحال سپلائی میں بہتری اور مارکیٹ کے حالات پر منحصر ہوگی۔





