شہزاد نوید
سوات : سوات کے شہر مینگورہ میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور عوامی راستوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا ہے۔
کارروائی کے دوران غیر قانونی تعمیرات، تجاوز شدہ ڈھانچے، سائن بورڈز اور دیگر رکاوٹیں ہٹانے کے ساتھ عوامی راستوں اور گزرگاہوں کو کھول دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار نے آپریشن کے مقام کا دورہ کیا اور جاری کارروائی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے تجاوزات کے خاتمے اور شہریوں کی آمدورفت میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا معائنہ کیا۔
آپریشن ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی افنان رضا اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر II بابوزئی بریخنا حبیب کی نگرانی میں تحصیل میونسپل انتظامیہ بابوزئی کے تعاون سے جاری ہے۔ اس موقع پر تحصیل میونسپل آفیسر بابوزئی افضل خان اور متعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائی کا آغاز امانکوٹ چوک سے قمبر چوک تک کیا گیا، جہاں سڑکوں اور عوامی راستوں پر قائم غیر قانونی تعمیرات، تجاوز شدہ ڈھانچوں، سائن بورڈز اور دیگر رکاوٹوں کو ہٹانے اور مسمار کرنے کے اقدامات کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : گوادر میں دہشت گردی کی کوشش ناکام، بلوچستان کی سیاسی قیادت کا ردعمل
ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار نے واضح کیا کہ شہر میں مستقل اور عارضی تجاوزات کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کا مقصد سڑکوں کو کشادہ کرنا، ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور شہریوں کو روزمرہ آمدورفت میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مینگورہ کی سڑکیں اور عوامی راستے سب کے لیے ہیں، اس لیے انہیں تجاوزات سے پاک رکھنا ضروری ہے۔ شہر کو منظم بنانے اور شہری سہولیات بہتر کرنے کے لیے دکانداروں، کاروباری حضرات اور عام شہریوں کا تعاون بھی اہم ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور کاروباری افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ عوامی راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے سے گریز کریں اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہو اور پیدل چلنے والوں سمیت تمام شہریوں کو آسان آمدورفت کی سہولت میسر آسکے۔





