کراچی: کراچی کنگز کے بالنگ کوچ شان ٹیٹ نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ کراچی کو جیتنا چاہیے تھا، مگر فہیم اشرف کی شاندار پرفارمنس نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حق میں کھیل پلٹ دیا۔
شان ٹیٹ نے بیٹنگ کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بیٹنگ لائن کے کسی کھلاڑی کو ذمہ داری لیتے ہوئے میچ کو فنش کرنا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی خود سمجھ دار ہیں اور انہیں زیادہ سمجھانے کی ضرورت نہیں ہے۔
حسن علی کی پرفارمنس کی تعریف کرتے ہوئے شان ٹیٹ نے کہا کہ حسن علی ہماری بالنگ کا لیڈر ہے اور وہ بہترین پرفارم کر رہا ہے۔ انہوں نے فواد علی کو مستقبل کا روشن ستارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی وکٹ پر ہدف حاصل کیا جا سکتا تھا۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر رانا فہیم اشرف نے کہا کہ سر ویوین رچرڈز کا ٹیم کے ساتھ ہونا بہت اہم ہے۔ وہ ہمیشہ اعتماد دیتے ہیں، جس سے ٹیم کا مورال بلند ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پی ایس ایل 10: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 رنز سے شکست دیدی
فہیم اشرف نے اپنی اچھی پرفارمنس سے بڑھتے اعتماد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں حسن علی کے ساتھ کرکٹ شراکت داری کا مکمل اندازہ ہے اور وہ جانتے ہیں کہ حسن کس جگہ بال کرے گا۔ فہیم نے کہا کہ ان کی کوشش تھی کہ آخری اوور میں اپنا بہترین پرفارم دیں۔





