پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو دورہ سری لنکا میں ون ڈے سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی شکست ہو گئی۔
پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کو فاطمہ ثنا کی قیادت میں سری لنکا کے خلاف 3 ون ڈے میچوں کی سیریز میں 1-2 سے شکست ہوئی ،جس کے بعد منیبہ علی کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے والی قومی ٹیم کو بھی سری لنکا کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
دمبولہ میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے میزبان سری لنکا کو 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 113 رنز تک محدود رکھا۔
پاکستانی ویمنز ٹیم نے19 ویں اوورکی دوسری گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرکے میچ 4 وکٹ سے جیتا ،لیکن اس کامیابی کا سیریز کے نتیجے پر کوئی اثر نا پڑا۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو دمبولہ میں ابتدائی دونوں ٹی ٹوئنٹی میں 6،6 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس سے قبل ون ڈے سیریز بھی سری لنکن ویمنز ٹیم کے نام رہی ۔





