پاکستان سے جنگ کی ضرورت نہیں ،اپنی سیکیورٹی بہتر کرو: بھارتی وزیراعلٰی کرناٹک کی مودی سرکار پر کڑی تنقید

ویب ڈیسک : بھارت میں پہلگام واقعے کے بعد مودی سرکار کی پالیسیاں تنقید کی زد میں آ گئیں۔ ریاست کرناٹک کے وزیراعلٰی سدارامیا نے پہلگام حملے کو سیکیورٹی کی ناکامی قرار دیتے ہوئے پاکستان کے خلاف جنگ کی ضرورت کو مسترد کر دیا۔

وزیراعلٰی سدارامیا نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلگام واقعہ داخلی سیکیورٹی کا مسئلہ ہے اور اس پر جنگ بھڑکانے کی بجائے سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کے اس جنگ مخالف مؤقف پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سدارامیا کی جانب سے مودی حکومت کی پالیسیوں پر برملا ناراضی کا اظہار سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جذباتی فیصلوں کی بجائے عقل اور حکمت کی ضرورت ہے، اور پاکستان سے جنگ چھیڑنے کا کوئی جواز نہیں۔

دوسری جانب بھارتی عوام میں بھی مودی حکومت کی مذہبی سیاست کے خلاف شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ عوامی حلقوں نے سوال اٹھایا ہے کہ زخمی کشمیریوں کی مدد کے وقت کسی نے ان کا مذہب نہیں پوچھا، تو پھر سیاست میں مذہب کو کیوں گھسیٹا جا رہا ہے؟

عوام نے مودی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ مذہبی منافرت پھیلانے کے بجائے حقیقی مسائل، بالخصوص سیکیورٹی کی ناکامیوں پر توجہ دے۔ بھارتی شہریوں نے اس بات پر بھی سخت غصے کا اظہار کیا کہ حملے کے وقت بی ایس ایف اور پولیس بروقت کارروائی کیوں نہ کر سکی۔

مودی حکومت کی ناقص پالیسیوں اور بی ایس ایف کی کارکردگی پر سوالات اٹھتے جا رہے ہیں، اور عوام کا مطالبہ ہے کہ تحقیقات کی جائیں کہ دہشت گرد آخرکار پہلگام تک کیسے پہنچے؟

مودی حکومت پر اندرون ملک سے بڑھتی ہوئی تنقید اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارتی عوام اب مذہبی اور جنگی کارڈ کھیلنے کی حکمت عملی کو مسترد کر چکے ہیں۔

Scroll to Top