کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع سوراب اور کیچ کے سرحدی خطے میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کر لی ہے۔
’آپریشن رد الفتنہ 3‘ کے تحت کی جانے والی اس کارروائی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 6 فتنتہ الخوارج / کالعدم تنظیم کے دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی تفصیلات
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو ضلع سوراب کی تحصیل گدر کے علاقے ‘کلی زرد کراس’ اور ملحقہ علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی اور تخریب کاری کے منصوبے کی انتہائی موثق انٹیلی جنس معلومات موصول ہوئی تھیں۔ اطلاعات پر فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فورسز نے علاقے کو گھیراؤ میں لیا۔
شدید فائرنگ کا تبادلہ اور نتیجہ
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پیش قدمی کے دوران روپوش دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر فورسز نے فوری اور بھرپور جواب دیا۔
یہ بھی پڑھیں : انتشاری ٹولے نے غریبوں کو بھی نہیں چھوڑا، 3 کروڑ کی سلائی مشینوں کے معاملے پر انکوائری شروع
فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 6 خطرناک دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک کر دیے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم (FAH) سے بتایا جاتا ہے جو خطے میں سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے کلی زرد کراس اور گردونواح کے تمام راستوں کو سیل کر کے سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ اگر کوئی اور دہشت گرد یا ان کے سہولت کار چھپے ہوئے ہوں تو انہیں انجام تک پہنچایا جا سکے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک تعاقب اور آپریشنز کا سلسلہ بلاتعطل جاری رہے گا۔





