پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے سولہویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی جس کے بعد سلطانز کے ایونٹ میں آگے بڑھنے کی امیدیں مزید کم ہو گئیں۔
ایونٹ میں اپنے 6 میچز میں سے 5 میں شکست کے بعد ملتان سلطانز کے لئے پی ایس ایل میں آگے جانے کا سفر مشکل ہو گیا، ایونٹ میں آگے جانے کیلئے ملتان سلطانز کو اگلے میچز میں شاندار کارکردگی دکھانی ہوگی۔
ملتان سلطانز نے 185 رنز کا ہدف دیا جس میں کپتان محمد رضوان کے 76 اور کامران غلام کے 52 رنز شامل تھے، لاہور قلندرز کی طرف سے ڈیرل مچل نے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
سکندر رضا نے 40 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو جیت تک پہنچایا، لاہور قلندرز کے باؤلرز میں ٹام کرن، حارث رؤف اور ڈیرل مچل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کنگز کو بڑا جھٹکا: غیر ملکی اسٹار کھلاڑی انجری کا شکار
پی ایس ایل سیزن 10 میں اسلام آباد 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، لاہور قلندرز دوسرے، کراچی کنگز تیسرے، پشاور زلمی چوتھے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
ملتان سلطانز ایونٹ میں اب تک اپنے چھ میچز میں صرف ایک میچ جیت چکا ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری نمبر پر ہے۔





