موثر سفارتکاری سے پاکستان نے بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کر دیا، بیرسٹر عقیل ملک

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی الزامات کو بروقت اور مؤثر انداز میں مسترد کرتے ہوئے سفارتی محاذ پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بروقت بیانات، بریفنگز اور عالمی سطح پر کیے گئے روابط نے بھارتی پراپیگنڈے کو ناکام بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مؤثر سفارتکاری کے باعث چین اور ایران جیسے اہم ممالک نے پاکستان کی حمایت میں کھل کر بیانات دیے، جو عالمی سفارتی کامیابی کا ثبوت ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی طرف سے دونوں ممالک کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل بھی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہوئی ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ نیویارک ٹائمز جیسے معتبر ادارے نے بھی اپنی رپورٹ میں اس جانب اشارہ کیا ہے کہ بھارت پاکستان پر حملے کے لیے جواز تیار کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں کھیل میں سیاست، بھارت سینٹرل ایشیا والی بال چیمپئن شپ سے فرار

بیرسٹر عقیل ملک نے مشورہ دیا کہ وزیراعظم فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلائیں تاکہ قومی سلامتی جیسے اہم معاملات پر تمام سیاسی قیادت یک زبان ہو کر عالمی سطح پر ایک مضبوط پیغام دے۔

Scroll to Top