اسلام آباد: ملک بھر میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں جھلسا دینے والی گرمی نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے یکم سے 4 مئی تک مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے عوام کو جزوی ریلیف کی امید دلائی ہے۔
خیرپور میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جبکہ شہید بینظیر آباد، روہڑی، سبی اور سکرنڈ میں 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ سکھر، جیکب آباد، رحیم یار خان، لاڑکانہ اور دادو میں پارہ 46 ڈگری پر پہنچا۔
پشاور میں درجہ حرارت 44، لاہور میں 43، اسلام آباد میں 41 اور راولپنڈی میں 40 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہا، جہاں درجہ حرارت 38 ڈگری رہا۔
یہ بھی پڑھیں محکمہ موسمیات کی پیشگوئی،آئندہ 24 گھنٹوں کا موسم کیسا رہے گا؟جانئے
دوسری جانب آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیئرز کے پگھلنے کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں سیلاب کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے یکم سے 4 مئی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمی تبدیلی سے موسم جزوی طور پر خوشگوار ہو سکتا ہے۔





