اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے ہونہار طالب علموں کو کروم بکس اور انٹرنیٹ فراہم کرنے کے ایک تاریخی اور انقلابی منصوبے کا باضابطہ اجرا کر دیا ہے جس کے تحت اسکولوں اور دینی مدارس کے مستحق و ہونہار طلبہ کو آئندہ 2 سالوں میں 5 لاکھ کروم بکس، ایک بیگ اور انٹرنیٹ ڈیوائس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آج پاکستان کے ہونہار بچوں کو بااختیار بنانے اور جدید ڈیجیٹل دور سے ہم آہنگ کرنے کے سفر کا آغا ز ہو چکا ہے، کیونکہ یہ باصلاحیت بیٹے اور بیٹیاں ہی پاکستان کا حقیقی سرمایہ اور معمار ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ کروم بکس مکمل طور پر میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر دی جا رہی ہیں اور بچوں کو جدید ٹیکنالوجی و مہارتوں سے آراستہ کرنا ریاست کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ ذہانت اور قابلیت غربت یا امارت کی مرہونِ منت نہ رہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران طلبہ کو میرٹ پر 6 لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ ان جدید سہولیات کی بدولت اب طلبہ گھر بیٹھے آن لائن تعلیم اور ای لائبریری سے مکمل استفادہ کر سکیں گے۔
دانش اسکولز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں مستحق بچوں کو رہائش، کھانا، اسمارٹ بورڈز اور ای لائبریری سمیت تمام معیاری تعلیمی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں اور اس وقت ملک بھر میں مزید 27 دانش اسکول زیرِ تعمیر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ڈیرہ اسماعیل خان زَرکانی میں 5 خوارجیوں کو ڈھیر کرنے کے بعد سیکیورٹی فورسز کا ہیرو جوان شہید
اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان بدلتے ہوئے عالمی تعلیمی تقاضوں کے مطابق عملی اقدامات کر رہا ہے کیونکہ تعلیم پر کی جانے والی سرمایہ کاری ہی معیشت کو مضبوط اور قوم کا مستقبل روشن کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو اقوامِ عالم میں باوقار مقام دلانے کے لیے تعلیم کو ترجیح بنانا ناگزیر ہے۔ چیئرمین ٹی ٹی کیئر فاؤنڈیشن راشد منہاس نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کا طالب علم ڈیجیٹل دنیا کا محض صارف نہ بنے بلکہ تخلیق کار بنے اور وہ طلبہ کے روشن مستقبل میں اپنا بھرپور حصہ ڈال رہے ہیں۔
جبکہ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے وزیراعظم کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اسکولوں کی ڈیجیٹائزیشن اور دانش اسکولز نے ہمیشہ مستحق بچوں کو آگے بڑھنے کی ہمت دی ہے اور وزیراعظم کا یہ پختہ عزم ہے کہ ملک کے بچوں کی تعلیمی ترقی کے لیے کبھی وسائل کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔





