ڈیرہ اسماعیل خان زَرکانی میں 5 خوارجیوں کو ڈھیر کرنے کے بعد سیکیورٹی فورسز کا ہیرو جوان شہید

پشاور: خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ’عزمِ استحکام‘ وژن کے تحت بلاامتیاز اور جارحانہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ پوری قوت سے جاری ہے۔ 

اسی سلسلے میں ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درازندہ کے بارڈر سے ملحقہ حساس علاقے زَرکانی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر صائب اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 5 سفاک اور خطرناک خوارجیوں کو جہنم واصل کر دیا، جبکہ فورسز کے شدید محاصرے اور فائرنگ کے تبادلے میں متعدد دیگر خوارج شدید زخمی ہو کر فرار ہو گئے۔

 یہ کامیاب اور ٹارگٹڈ آپریشن اس حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ہمارے سیکیورٹی ادارے اور فورسز کے غازی جوان وطنِ عزیز کی سرحدوں اور کے پی کے امن کی حفاظت کے لیے دن رات بارڈرز پر سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹے ہوئے ہیں اور دشمن کو ہر محاذ پر عبرت ناک شکست سے دوچار کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سکیورٹی فورسز کی مسلسل کارروائیاں، پانچ ہفتوں کے دوران دہشت گرد حملوں میں واضح کمی ریکارڈ

وطنِ عزیز کے دفاع اور ارضِ پاک کو خوارجیوں کے ناپاک وجود سے پاک کرنے کی اس مقدس اور بے مثال جنگ میں جہاں دشمنوں کا صفایا کیا جا رہا ہے، وہی سیکیورٹی فورسز کے جیویں اور بہادر جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے شجاعت کی نئی داستانیں رقم کر رہے ہیں۔

زرکانی میں خوارجیوں کے خلاف جاری اس شدومد سے بھرپور کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کا ایک بہادر جوان مردانہ وار لڑتے ہوئے شدید زخمی ہو گیا تھا، جسے فوری طور پر اعلیٰ طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا تھا۔

 تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اس عظیم سپاہی نے 25 اکتوبر کو جامِ شہادت نوش کر کے درجہ شہادت حاصل کر لیا۔

ہمارے ان ہیرو جوانوں کی قربانیاں اور بارڈر پر دن رات کی جاگتی آنکھیں ہی وہ ضمانت ہیں جس کے باعث کے پی اور پورے پاکستان کے شہری سکون کی نیند سوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : کے پی وفاق کے بغیر نہیں چل سکتا، سابقہ حکومت میں بلاوجہ کے تنازعات پیدا کیے گئے، فیصل کریم کنڈی

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ’عزمِ استحکام‘ کے تحت خیبر پختونخوا کے سرحدی اضلاع بالخصوص ڈی آئی خان، وزیرستان اور ضم اضلاع کو سرحد پار اور اندرونِ ملک سے پنپنے والے خوارجی نیٹ ورکس سے مکمل پاک کرنے تک یہ آپریشنز بغیر کسی وقفے کے جاری رہیں گے۔

 سیکیورٹی فورسز کے عزم، جوانوں کے سرحدوں پر جاگتے پہروں اور شہیدوں کے مقدس لہو کی بدولت خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام کے ہدف کو ہر قیمت پر حاصل کیا جائے گا۔

ریاست کا واضح پیغام ہے کہ سرحد پار بیٹھ کر یا مقامی پناہ گاہوں کے ذریعے کے پی کا امن تباہ کرنے والے ہر خوارجی کو تباہی اور جہنم کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

Scroll to Top