وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوانے یوم مزدور کے موقع پر محنت کش طبقے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم مئی کا دن قومی تعمیر و ترقی میں محنت کشوں کے کلیدی کردار کو اجاگر کرنے کا دن ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محنت کش طبقہ خاموشی سے معیشت کو چلانے اور ترقی کی بنیادیں رکھنے میں مسلسل کردار ادا کر رہا ہے۔ ہر تعمیر شدہ عمارت، ہر بچھائی گئی سڑک، ہر فعال ادارے کے پیچھے ایک محنت کش کی شبانہ روز محنت کارفرما ہوتی ہے، وزیر اعلیٰ کے مطابق کسی بھی قوم کی ترقی و خوشحالی میں مزدور طبقہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔’’جب تک محنت کشوں کی فلاح و تحفظ کو یقینی نہیں بنایا جاتا، پائیدار ترقی ممکن نہیں۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت عمران خان کے ویژن کے مطابق محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ رواں مالی سال کے دوران محنت کشوں کے بچوں کو 72 کروڑ 93 لاکھ روپے کے وظائف دیے گئے، جبکہ جہیز گرانٹ کے تحت 13 کروڑ روپے سے زائد امداد بھی فراہم کی گئی۔
ڈیتھ گرانٹ اسکیم کے تحت 44 محنت کش خاندانوں کو مجموعی طور پر 3 کروڑ 36 لاکھ روپے دیے گئے، جبکہ ریگی للمہ لیبر کمپلیکس میں 2056 فلیٹس مکمل کر لیے گئے ہیں جو رواں سال صنعتی مزدوروں کو الاٹ کیے جائیں گے۔
حکومت کی حج اسکیم کے تحت اس سال بھی 10 محنت کش حکومتی خرچ پر حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ علاوہ ازیں ’’خوشحال پختونخوا پروگرام‘‘کے تحت 3811 محنت کشوں کے بچوں کو مصنوعی ذہانت سمیت جدید کورسز میں داخلہ دلوایا گیا ہے۔
ورکرز ویلفیئر بورڈ کے اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کی تعلیمی اخراجات کے لیے 13 کروڑ روپے فراہم کیے گئے۔ وزیر اعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ محنت کشوں کی فلاح و معاونت کا سفر مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔
“ہم ایک ایسا خیبرپختونخوا بنائیں گے جہاں محنت کش طبقے کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی ہو۔ جتنا محنت کش محفوظ، مضبوط اور خوشحال ہوگا، قومی ترقی اتنی ہی مستحکم اور دیرپا ہوگی”، وزیر اعلیٰ نے اپنے پیغام کا اختتام ان الفاظ پر کیا۔





